• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پانی کے غیرقانونی کنکشن فوری کاٹ دیئے جائیں گے، میئر کراچی

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی میں کہیں بھی پانی کے غیر قانونی کنکشن پائے گئے تو انہیں فوری کاٹ دیا جائے گا، کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کو اس کے ذمے داروں کے ٹینک بھی ضبط کرنے کی ہدایت بھی کردی گئی ہے، یوسی۔10 ، بلدیہ ٹاؤن کے گراؤنڈ کو ترقی دے کر ککری گراؤنڈ کی طرز پر جدید اسپورٹس کمپلیکس بنایا جائے گا، لانڈھی اسپورٹس کمپلیکس میں باسکٹ بال، اسکواش کورٹ، سوئمنگ پول سمیت تمام سہولتیں فعال کی جائیں گی۔ وہ یوسی۔10 بلدیہ ٹاؤن کے گراؤنڈ اور لانڈھی اسپورٹس کمپلیکس کا دورہ کررہے تھے۔ میئر کے نمائندہ برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی، منیجنگ ڈائریکٹر( ایم ڈی) واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن سید صلاح الدین، ٹاؤن چیئرمین کریم آسکانی، یوسی چیئرمین محمد اکرم اعوان اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ میئر کراچی نے بلدیہ ٹاؤن میں گراؤنڈ کا معائنہ کیا اور وہاں سے گزر رہی سیوریج لائن کا نظام درست اور سیفٹی ٹینک بنانے کی ہدایت کی تاکہ اس پانی کو گراؤنڈ میں سبز ہ کاری کے لئے استعمال کیا جاسکے۔ میئر نے کہا کہ کے ایم سی انجینئرز کی زیر نگرانی گراؤنڈ اپ گریڈ کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید