کراچی( اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک میں کمشنر، میئر کراچی اور حکومت سندھ کو نمائندگی دی جائے، پیپلز پارٹی کی بنیاد عوام کے مسائل کو حل کرنے پر رکھی گئی ہے، کراچی میں پہلی بار یہ دیکھنے میں آرہا ہے کہ تعصب اور نفرتوں کی سیاست کو دفن کرکے امید اور کام کی سیاست کو پروان چڑھایا جا رہا ہے، یہی پاکستان پیپلزپارٹی کا فلسفہ اور یہی ہماری سوچ ہے، یہ بات انہوں نے پیر کے روز ابراہیم حیدری ضلع ملیر میں حیدری اسپورٹس فٹ بال گراؤنڈ کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد اور دیگر بھی موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کی تاریخ میں پہلی باربلدیاتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر میں نے اور ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد نے فیصلہ کیا کہ تنقید کا جواب اپنے کام سے دیں گے۔