کراچی میں ڈکیتی و رہزنی کی وارداتوں میں ملوث ملزمان پولیس کی پکڑ سے بچنے کے لیے نئے بہروپ بدل رہے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق مختلف وارداتوں کی تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ وارداتیں کر کے فرار ہونے والے بیشتر ملزمان فوڈ رائیڈرز کے بیگ اٹھائے ہوتے ہیں۔
فوڈ رائیڈرز کو چونکہ عام طور پر چیکنگ کے دوران پولیس نہیں روکتی اس لیے وارداتوں کے بعد وہ با آسانی فرار ہو جاتے ہیں۔
پولیس کے مطابق مختلف علاقوں میں فوڈ ڈلیوری بوائے کے بھیس میں موٹر سائیکل سوار ملزمان گلیوں میں وارداتیں کرتے ہیں۔
ملزمان کسی بھی گلی میں کھڑے ہو جائیں تو ان پر شک نہیں کیا جاتا اور وہ شک ہو جانے پر بہانہ کرتے ہیں کہ وہ کسی فوڈ ڈلیوری کے لیے آئے ہیں اور اسی شخص سے ایڈریس پوچھتے ہیں۔
پولیس کے مطابق گلشنِ جمال میں سی سی ٹی وی فوٹیج میں یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ گھروں کے باہر کھڑی گاڑیوں کے شیشے توڑ کر سامان چوری کرنے میں بھی فوڈ ڈلیوری بوائے ملوث پائے گئے۔
اسی بھیس میں ملزمان مختلف گاڑیوں کی بیٹریاں بھی چوری کر لیتے ہیں۔
کئی ملزمان واردات کے دوران خواتین کو ساتھ رکھتے ہیں، واردات کے بعد فرار ہونے پر خاتون کے ساتھ ہونے پر انہیں فیملی سمجھ کر نہیں روکا جاتا۔
ملیر میں ایسے وارداتیوں کو بھی دیکھا گیا ہے جو اسکول کے بیگ لٹکائے بچوں کو ساتھ رکھتے ہیں۔
پولیس کے مطابق بیشتر ملزمان وارداتوں کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیجز سے بچنے کے لیے ہیلمٹ ہر صورت پہنتے ہیں اور ماسک بھی لگا لیتے ہیں۔