وزیرِ اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال ملک نے کہا ہے کہ مودی اب وزیرِ اعظم بن کر خطے میں دہشت گردی کر رہا ہے، ہردیپ سنگھ کے قتل میں را کا چہرہ بےنقاب ہوا ہے۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ آسٹریلیا اور یورپ میں سکھ کمیونٹی کو ہراساں کیا جارہا ہے۔
مشعال ملک کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بھی بھارت کی دہشت گرد سرگرمیاں جاری ہیں، عالمی برادری کو بھارتی دہشت گردی پر نوٹس لینا چاہیے، آر ایس ایس نے بھارت میں کئی گوردواروں اور گرجا گھروں کو جلایا۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں سب سے زیادہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، کلبھوشن کراچی، پنجاب، فاٹا سمیت مختلف علاقوں میں دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہا۔
ان کا کہنا ہے کہ کشمیری عوام 75 سالوں سے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے آئے ہیں، مودی کی ایما پر مسجدوں کو شہید کیا گیا، عبادت گاہوں کی بےحرمتی کی گئی، بھارت کی دہشت گرد کارروائیاں کوئی نئی بات نہیں ہے۔