اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے ایک اے ایس آئی کو ملزم چھوڑنے کے عوض رشوت طلب کرنے پر معطل کر کے اس کے عہدے میں تنزلی کر دی گئی۔
ایس ایس پی جنید شیخ کے مطابق ایس آئی یو کے اے ایس آئی ساجد کی ٹیم نے ایک ملزم سبحان جتوئی کو گرفتار کیا تھا۔
ملزم ایک پولیس اہلکار کے قتل، پولیس مقابلے اور دیگر وارداتوں میں مطلوب تھا جسے رہا کرنے کے عوض اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے اے ایس آئی ساجد نے ملزم کے اہلِ خانہ سے 5 لاکھ روپے طلب کیے۔
اے ایس آئی نے ملزم کے موبائل فون سے اس کے اہلِ خانہ سے ڈیل کی۔
ڈیل کے دوران ملزم کا بھائی 1 لاکھ 70 ہزار روپے دینے پر آمادہ ہوا، جس پر معاملہ ایس ایس پی ایس آئی یو جنید شیخ تک پہنچ گیا۔
پولیس کے مطابق ایس ایس پی جنید شیخ نے اے ایس آئی ساجد کو معطل کر کے اس کے عہدے میں تنزلی کر دی۔
قتل اور پولیس مقابلے میں مفرور ملزم سبحان جتوئی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور اس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔