ایشین گیمز والی بال مقابلوں میں پاکستان نے جنوبی کوریا کو 0-3 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کےلیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ اس فتح کے ساتھ پاکستان نے ایشین گیمز میں 28 سال بعد ٹاپ 6 میں جگہ پکی کی۔
ہینگزو میں جاری ایشین گیمز میں والی بال کے ٹاپ 12 راؤنڈ میں عالمی نمبر 51 پاکستان نے عالمی نمبر 27 جنوبی کوریا کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 0-3 سے کامیابی حاصل کی۔
پہلے سیٹ میں دونوں کے درمیان سنسنی خیز انداز میں مقابلے کا آغاز ہوا، کبھی ایک ٹیم برتری لیتی تو کبھی دوسری ٹیم سبقت لے جاتی۔
تاہم پاکستان نے اعصاب پر کنٹرول کا مظاہرہ کرتے ہوئے 26 منٹ جاری رہنے والا پہلا سیٹ 19-25 سے جیتا۔
دوسرے سیٹ میں بھی دونوں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا، جو 17 آل پر برابر تھا مگر یہاں بھی آخری لمحات میں پاکستان نے غلطیوں پر قابو رکھتے ہوئے دوسرا سیٹ 22-25 سے جیت کر میچ میں برتری حاصل کی۔
تیسرے سیٹ میں دوسرے سیٹ میں ایک موقع پر مقابلہ 7۔7 سے برابر تھا مگر اس کے بعد پاکستان نے برتری حاصل کی۔ 28 منٹ جاری رہنے والا تیسرا سیٹ پاکستان نے 21-25 سے جیت کر کامیابی حاصل کی۔ پاکستان کی جانب سے عثمان فریاد اور مراد خان نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔
عثمان نے 20 اور مراد نے 19 پوائنٹس حاصل کئے، عبدالظہیر، مصور خان اور مراد جہاں نے بھی نمایاں پرفارمنس دی۔
اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے ایونٹ میں 1994 کے بعد پہلی بار ٹاپ 6 ٹیموں میں جگہ بنائی، پاکستان کوارٹر فائنل میں اتوار کو قطر سے مقابلہ کرے گی اور فتح کی صورت میں ایران سے سیمی فائنل کھیلے گی۔