لندن (نیوز ایجنسیز) سال کے تیسرے گرینڈ سلیم ومبلڈن اوپن کا آغاز پیر سے انگلینڈ میں ہو گا، مردوں میں نواک جوکووچ اور خواتین میں سرینا ولیمز ٹائٹل کا دفاع کریں گی۔ سابق عالمی نمبر ایک اور چودہ مرتبہ کے گرینڈ سلم چیمپئن رافیل نڈال نے انجری مسائل کے باعث میگا ایونٹ کا حصہ نہیں ہوں گے۔ عالمی نمبر ایک سربیا کے نواک جوکووچ کو مینز اور امریکا کی سرینا ولیمز کو ویمنز سنگلز ایونٹس کیلئے ٹاپ سیڈ مقرر کیا گیا ہے، اعلان کردہ ڈراز کے مطابق جوکووچ اور راجر فیڈرر، اینڈی مرے اور اسٹانسلاس واورینکا کا سیمی فائنلز میں آمنا سامنا ہو سکتا ہے۔ مینز سنگلز میں جوکووچ، ویمنز سنگلز میں سرینا ولیمز، مینز ڈبلز میں جین جولین راجر اور ہوریا ٹیکوا، ویمنز ڈبلز میں ثانیہ مرزا اور مارٹینا ہنگس جبکہ مکسڈڈبلز میں مارٹینا ہنگس اور لینڈرپیس ٹائٹلز کا دفاع کریں گی۔ جوکووچ ٹائٹلز کی ہیٹرک مکمل کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔ سرینا ولیمز ومبلڈن میں ساتویں اور کیریئر کے مجموعی طور پر22 گرینڈ سلم اعزاز کیلیے کورٹس کا رخ کرینگی لیکن یاد رہے کہ12 ماہ پہلے ومبلڈن ٹائٹل جیتنے کے بعد وہ کوئی بڑا ٹورنامنٹ نہیں جیت پائی ہیں ۔ یو ایس اوپن کے سیمی فائنل میں رابرٹا ونچی سے شکست کے بعد سے ان میں اعتماد کی کمی دیکھی جارہی ہے ۔ وہ مئی میں روم میں جیتی تھیں، انہیں آسٹریلین میں اینجلک کربر جبکہ اور فرنچ اوپن فائنل میں گاربائن مگوروزا سے اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ اس تناظر میں مبصرین کے مطابق وملبڈن میں ان کے لیے سفر کسی بھی طرح آسان نہیں ہوگا۔