• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد نے پہلا  فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹائٹل  حاصل کرلیا، فیصل کے 4گول

کراچی(اسٹاف رپورٹر) اسلام آباد نے پی ایچ ایف کے زیر اہتمام پہلا  فائیو سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ ٹائٹل  حاصل کرلیا۔ لاہور کے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ٹور نامنٹ کے فائنل میں فیورٹ اسلام آباد  فائیٹر کی ٹیم نےکوئٹہ واریئرز کو 5 کے مقابلے 8 گول سے مات دی۔ ہفتے کی شب ہونے والے فائنل کو دیکھنے کے لئے شائقین کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود تھی جو نوجوان کھلاڑیوں کے عمدہ کھیل پر انہیں خوب داد دیتے رہے، بڑی تعداد میں فیملیز اپنے بچوں کے ساتھ اسٹیڈیم میں موجود تھیں جنہوں نے ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔ فائنل میچ سے قبل مہمان خصوصی چیئرمین پی آئی اے اعظم سہگل کا اسلام آباد اور کوئٹہ کی ٹیموں کے کھلاڑیوں کے ساتھ تعارف کرایا گیا۔ اسلام آباد اور کوئٹہ کی ٹیموں کے درمیان میچ کا آغاز جارحانہ انداز میں ہوا۔ پہلے تین منٹ میں اسلام آباد ٹیم نے دو گول کر کے برتری حاصل کر لی۔ پہلا گول رضوان سینئر نے دوسرا فیصل قادر نے کیا۔ تیسرے منٹ میں کوئٹہ ٹیم کی جانب سے رضوان جونیئر نے گیندکو جال کی راہ دکھا کر ایک گول کا خسارہ کم کر دیا۔ میچ کے 10ویں منٹ میں اعجاز احمد نے گول کر کے مقابلہ 3-1 کر دیا۔ پہلے ہاف کے اختتام پر اسلام آباد ٹیم کو تین ایک سے برتری حاصل تھی۔ دوسرے ہاف کے پہلے ہی منٹ میں فیصل قادر نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ٹیم کا چوتھا گول داغ دیا۔ تین گول خسارے میں جانے کے بعد کوئٹہ ٹیم نے کم بیک کر تے ہوئے یکے بعد دیگرے تین گول کر کے مقابلہ چار چار گول سے برابر کر لیا۔ کوئٹہ کی طرف سے کاشف علی، فیصل شاہ اور رضوان جونیئر نے گول بنائے۔ دوسرے ہاف کے ختم ہونے سے ایک منٹ قبل اسلام آباد کے فیصل قادر نے اپنا تیسرا اور ٹیم کا پانچواں گول کر کے ایک مرتبہ پھر اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ تیسرے ہاف میں اسلام آباد کی طرف سے رضوان سینئر اور فیصل قادر نے مزید دو گول کر کے اپنی ٹیم کی برتری میں اضافہ کیا۔ میچ کے 32 ویں منٹ میں کوئٹہ کی طرف سے کاشف نے ٹیم کا پانچوں گول کر کے ایک گول کا خسارہ کم کرنے کی کوشش کی تاہم اسلام آباد کی طرف سے رضوان سینئر نے مزید ایک گول کر کے اسلام آباد ٹیم کو فیصلہ کن برتری دلادی۔ فیصل قادر مین آف دی فائنل قرار پائے۔ اس سے قبل تیسری اور چوتھی پوزیشن کے لیے لاہور لائنز اور فیصل آباد فالکنز کے درمیان مقابلہ ہوا جس میں لاہور نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد فیصل آباد کو 3 کے مقابلے 4 گول سے شکست دیکر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پانچویں اور چھٹی پوزیشن کے لیے کراچی اور پشاور کی ٹیموں کے درمیان میچ کھیلا گیا جو مقررہ وقت تک دو دو گول سے برابر رہا۔ میچ کا فیصلہ پنلٹی شوٹ آئوٹ پر ہوا جس میں کراچی نے ایک گول سے کامیابی حاصل کر کے پانچویں پوزیشن حاصل کی۔ ٹورنامنٹ کے اختتام پر مہمان خصوصی چیئرمین پی آئی اے اعظم سہگل، صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن بریگیڈئر (ر) خالد سجاد کھوکھر، برائیٹو پینٹس کے چیف ایگزیکٹو نے کامیاب ٹیموں میں نقد انعامات کے ساتھ ٹرافیز تقسیم کیں۔ اس موقع پر سیکرٹری پی ایچ ایف اولمپئن شہباز احمد سینئر، ڈائریکٹر ڈیولپمنٹ بریگیڈئر (ر) مسرت اﷲ، ٹورنامنٹ ڈائریکٹر طاہر زمان، آرگنائزنگ سیکرٹری خواجہ جنید، کامران اشرف، نوید عالم، عثمان شیخ سمیت اولمپئنز اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اسلام آباد ٹیم کے رضوان سینئر ٹورنامنٹ کےبہترین کھلاڑی قرار پائے انہیں موٹر سائیکل انعام میں دی گئی،، فیصل آباد کے دلبر حسین کو ٹاپ گول اسکورر ہونے پرٹی وی، لاہور کے عثمان غنی کو ٹورنامنٹ کا بہترین گول کیپر ہونے پر  ٹی وی، فیصل آباد کے عتیق ارشد کو ٹورنامنٹ کا ایمرجنگ پلیئر ہونے پر ایل ا ٹی وی انعام میں دیا گیا۔ اسلام آباد کی فاتح ٹیم کو سات لاکھ روپے نقد اور ٹرافی، کوئٹہ ٹیم کو 5 لاکھ روپے، لاہور ٹیم کو چار لاکھ، فیصل آباد ٹیم کو تین لاکھ، کراچی ٹیم کو دو لاکھ جبکہ پشاور ٹیم کو ایک لاکھ روپے نقد انعام دیا گیا۔ 
تازہ ترین