• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان تھیٹر فیسٹیول، ڈراموں ’گدھا منڈی‘ اور ’ڈنر وِد ڈارلنگ‘ نے دھوم مچا دی

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں پاکستان تھیٹر فیسٹیول کے تحت ڈرامے ’ڈنر وِد ڈارلنگ‘ میں اداکار اپنے جلوے بکھیر رہے ہیں—جنگ فوٹو
آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں پاکستان تھیٹر فیسٹیول کے تحت ڈرامے ’ڈنر وِد ڈارلنگ‘ میں اداکار اپنے جلوے بکھیر رہے ہیں—جنگ فوٹو

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جاری پاکستان تھیٹر فیسٹیول کا آج 20 واں روز ہے، 17 ویں روز 2 کھیل ’گدھا منڈی‘ اور ’ڈنر وِد ڈارلنگ‘ پیش کیے گئے۔

تھیٹر پلے ’گدھا منڈی‘ اور ’ڈنر وِد ڈارلنگ‘ کو دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد آرٹس کونسل کراچی پہنچی، ہال میں تِل دھرنے کی جگہ نہ تھی، تھیٹر پلے ’گدھا منڈی‘ کے رائٹر توفیق الحاکم اور ڈائریکٹر اویس ریحان تھے جبکہ ڈرامے کی کاسٹ میں اقصیٰ گل، حسام عرفان، فرحان رحیم، عادل شاکر اور فرحان عالم صدیقی شامل تھے۔

’گدھا منڈی‘ کی مزاحیہ اور سنسنی خیز کہانی میں اداکاروں نے اپنی بہترین پرفارمنس کے ساتھ رنگ بھر دیا۔

تھیٹر ڈرامہ ’گدھا منڈی‘ مضحکہ خیز حالات اور دلکش حادثات کا ایک خوش گوار مجموعہ تھا ۔

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں پاکستان تھیٹر فیسٹیول کے تحت پیش کیے گئے ڈرامے ’گدھا منڈی ‘ کا ایک منظر—جنگ فوٹو
آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں پاکستان تھیٹر فیسٹیول کے تحت پیش کیے گئے ڈرامے ’گدھا منڈی ‘ کا ایک منظر—جنگ فوٹو

دوسرے تھیٹر پلے ’ڈنر وِد ڈارلنگ‘ نے ہال میں تہلکہ مچا دیا، شائقین نے ڈرامے کو بے انتہا پسند کیا اور فنکاروں کی پرفارمنس پر خوب داد دی۔

تھیٹر کے رائٹر بابر جمال اور ڈائریکٹر عظمیٰ سبین تھیں، ڈرامے کی کاسٹ میں اویس مبشر، فرحان عالم صدیقی، مومنہ، رچنا کرپالانی، زرقا ناز اور عثمان رانجھا شامل تھے۔

’ڈنر وِد ڈارلنگ‘ ہنسی کا ایک رولر کوسٹر تھا جس میں شایان نامی کردار اپنی بیوی کی غیر موجودگی میں اپنی مالکن کے ساتھ ایک رومانوی ویک اینڈ کا ارادہ رکھتا تھا۔

شایان خوبصورت شام کے لیے ہر طرح کی منصوبہ بندی کرتا ہے جس کے نتیجے میں ہنگامہ خیز حادثات اور غیر متوقع مشکلات کا ایک سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔

مزاحیہ افراتفری یہ ثابت کرتی ہے کہ بہترین منصوبہ بندی بھی انتہائی ہنگامہ خیز نتائج کا باعث بن سکتی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید