کراچی(اسٹاف رپورٹر) فائیو سائیڈ ہاکی ٹور نامنٹ میں شریک ٹیموں کے کوچنگ اسٹاف نے ایونٹ کو کامیاب اور نئے کھلاڑیوں کے لئے سود مند قرار دیا ہے، کراچی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور منیجر سمیر حسین نے کہا کہ ایونٹ قومی ہاکی میں اچھی تبدیلی ہے جس سے کھلاڑیوں کو سیکھنے کا موقع ملا ہے،انہوں نے کہا کہ پی ای ایچ ایف کے حکام اس پر مبارک باد کے مستحق ہیں، سمیر حسین نے کہا کہ کراچی کی ٹیم کی کار کردگی خاصی اچھی رہی اس ٹیم میں زیادہ تر نئے کھلاڑی شامل تھے جنہوں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا، ہم نے ان کھلاڑیوں سے پانچویں پوزیشن حاصل کی،سمیر حسین نے کہا کہ ہمارے کھلاڑی پانچ میں سے چار میچوں میں مین آف دی میچ رہے۔ذیشان اشرف فیصل آ باد، مصدق حسین (پشاور) مدثر علی خان( اسلام آ باد) محمد ثقلین( کوئٹہ)، ریحان بٹ(لاہور) کے ہیڈ کوچ نے بھی اس ٹورنامنٹ کو پاکستان ہاکی میں بہتری لانے کے لئے اچھی اور مثبت کوشش قراردیا اور کہا کہ امید ہے کہ اس ٹور نامنٹ سے کھلاڑیوں کو سیکھنے کا موقع ملا جو مستقبل میں ان کے کام آئے گا۔