کراچی(نیوز ڈیسک)بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے کہا ہےکہ بھارت نے کینیڈا سے کہا ہے کہ وہ سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے حوالے سے فراہم کردہ کسی بھی مخصوص یا متعلقہ معلومات کا جائزہ لینے کے لیے تیار ہے۔غیرملکی برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق نیویارک میں کونسل آن فارن ریلیشنز کے ایک پروگرام میں سکھ رہنما کے قتل کے حوالے سے الزامات کے سوال پر بھارتی وزیر خارجہ نے بھارت کے سفارتی ردّعمل کا تفصیلی ذکر کیا۔انہوں نے کہا کہ اول تو ہم نے کینیڈا کو بتایا کہ یہ بھارتی حکومت کی پالیسی نہیں ہے۔ دوسرا ہم نے انہیں کہا ہے کہ اگر آپ کے پاس اس حوالے سے کچھ مخصوص یا متعلقہ معلومات ہیں تو ہمیں بتائیں۔ ہم اس کا جائزہ لینے کیلئے تیار ہیں۔ہردیپ سنگھ نجر کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے ان دعوؤں کے بارے میں کینیڈا کو بارہا آگاہ کرتا رہا ہے کہ وہاں منظم مجرم موجود ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے بڑی تعداد میں حوالگی کی درخواستیں کی ہیں۔سبرامنیم جے شنکر نے مزید کہا کہ سیاق و سباق کے بغیر منظرنامہ مکمل نہیں ہوتا۔آپ کو یہ بھی دیکھنا ہو گا کہ گزشتہ چند برسوں میں کینیڈا میں علیحدگی پسند قوتوں، تشدد، انتہا پسندی سے متعلق بہت زیادہ منظم جرائم ہوئے ہیں۔