ایشین گیمز میں پاکستانی اسکواش ٹیمز کے کھلاڑی بھارت کو 2-1 سے شکست دے کر خوشی سے نہال ہو گئے، ویڈیو پیغام سوشل میڈیا پر شیئر کر دیا جس میں دعاؤں کی اپیل کر دی۔
گزشتہ روز ایشین گیمز مینز اسکواش میں پاکستان نے بھارت کو دو ایک سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اسکواش ٹیم کے کھلاڑی عاصم خان نے ویڈیو پیغام شیئر کیا ہے۔
محمد عاصم خان نے شیئر کیے گئے مذکورہ ویڈیو پیغام میں ٹیم میں شامل فرحان زمان سے گفتگو کی ہے۔
فرحان زمان نے انہیں بتایا ہے کہ وہ پاک بھارت اسکواش مقابلے میں بطور انعام 10 ہزار روپے دینے کا وعدہ کر کے پھنس گئے اور اب خوشی سے ٹیم کے کھلاڑیوں کو اس کارنامے پر 10 ہزار روپے کا انعام دیں گے۔
بھارت کے خلاف پاکستان کی جانب سے پہلا اہم میچ جیتنے والے ناصر اقبال اور نور زمان نے بھی مذکورہ ویڈیو میں شائقین سے گفتگو کی۔
نور زمان نے کہا کہ وہ بھارت کو ہرانے کے بعد جذباتی ہو گئے اور خوشی سے اپنا ہاتھ شیشے پر دے مارا جس سے سوجن آ گئی ہے، ناصر اقبال نے بھارت کے خلاف جیت پر خوشی کا اظہار کیا اور اللّٰہ تعالیٰ کا شکریہ ادا کیا، ساتھ ہی انہوں نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ بلند کیا۔
دونوں کھلاڑیوں نے شائقین سے دعاؤں کی اپیل کی کہ سیمی فائنل جیت جائیں اور پاکستان کے لیے طلائی تمغہ لے کر آئیں۔
خیال رہے کہ ایشین گیمز اسکواش میں پاکستان اور بھارت کے درمیان سنسنی خیز مقابلے کے پہلے معرکے میں پاکستان کے نور زمان اور بھارت کے ابھے سنگھ آمنے سامنے آئے، نور زمان نے مقابلہ تین ایک سے جیتا۔
دوسرے معرکے میں عاصم خان اور ساروو گھوشال آمنے سامنے آئے تاہم عاصم خان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد یہ معرکہ فیصلہ کُن مرحلے میں داخل ہو گیا جہاں ناصر اقبال نے مہیش منگونکر کو تین ایک سے شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔
آخری گروپ میچ میں پاکستان آج (جمعرات کو) کویت سے مقابلہ کرے گا۔