• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی ایئرپورٹ پر 7 گھنٹے سے پھنسے سیالکوٹ کے عمرہ زائرین جدہ روانہ

علامتی فوٹو
علامتی فوٹو

کراچی ایئرپورٹ پر 7 گھنٹے سے پھنسے سیالکوٹ کے عمرہ زائرین متبادل طیارے سے جدہ روانہ ہوگئے۔

سیالکوٹ سے جدہ کے لیے پی آئی اے کی پرواز پی کے 745 میں آگ لگنے کی اطلاع پر بوئنگ 777 طیارے کو ہنگامی طور پر کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کروایا گیا تھا۔ 

سیالکوٹ سے روانہ ہونے والے عمرے کے 300 مسافر 7 گھنٹے سے کراچی ایئرپورٹ پر موجود تھے۔ ہنگامی طور پر کراچی اتارے گئے پی آئی اے کے بوئنگ طیارے میں کل بھی آتشزدگی کا سگنل ملا۔

رجسٹریشن اے پی بی ایم ایس کے طیارے میں جدہ سے سیالکوٹ جاتے ہوئے کاکپٹ کیبن میں آتشزدگی کا سگنل ملا تھا۔ روانگی کے کچھ دیر بعد پرواز پی کے 746 کو جدہ واپس اتار لیا گیا تھا۔

فنی خرابی دور کرکے طیارے کو گذشتہ روز کراچی لایا گیا تھا، معائنے کے بعد طیارے کو سیالکوٹ روانہ کر دیا گیا۔ یہی طیارہ جمعرات کی صبح سیالکوٹ سے جدہ کےلیے پرواز پی کے 745 کےلیے آپریٹ کیا گیا۔ آج بوئنگ طیارے کے بنکر میں آتشزدگی کا سگنل موصول ہوا۔

ذرائع کے مطابق طیارے میں آتشزدگی کے شواہد نہیں ملے تاہم اسے پرواز کے لیے ان فٹ قرار دے کر گراؤنڈ کر دیا گیا۔ مسافروں کو جدہ روانہ کرنے کے لیے متبادل طیارہ فراہم کرنے میں تاخیر ہوئی۔ پرواز شام 6 بجے کراچی سے جدہ کے لیے روانہ ہوئی۔

قومی خبریں سے مزید