سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے بانی، سابق وزیرِ اعظم نواز شریف آئیں اور الیکشن لڑیں ہمیں ان سے کوئی گلہ نہیں۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کے دوران عام انتخابات سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ چاہتے ہیں کہ الیکشن کی تاریخ آئے اور عوام کا اضطراب ختم ہو۔
یوسف رضا گیلانی نے یہ بھی کہا ہے کہ فی الحال ہمارا کسی جماعت سے الیکشن کا اتحاد نہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے میاں محمد نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ نواز شریف کی پاکستان واپسی سے متعلق امور کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی کا سفر دوبارہ شروع کرنے کے لیے میاں نواز شریف پاکستان واپس جا رہے ہیں۔
رواں ماہ 16 ستمبر کو پیپلز پارٹی کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ نواز شریف کو وطن واپسی پر قانونی کارروائی کا سامنا کرنا ہو گا اور انہیں جیل جانا ہو گا۔
پیپلزپارٹی جو گزشتہ ماہ تک ن لیگ کی حکومتی حلیف تھی نے واضح کیا تھا کہ آئندہ ماہ جب نواز شریف واپس آئیں گے تو پیپلز پارٹی ان کے استقبال کے لیے موجود نہیں ہو گی۔