آج اپنی 60ویں سالگرہ منانے والے بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کی دولت سے متعلق تفصیلات سامنے آگئیں۔
تین دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط فلمی کیریئر کے دوران سلمان خان نے ناصرف بالی ووڈ کو بطور اداکار بےشمار کامیاب فلمیں دیں بلکہ ایک کامیاب سرمایہ کار اور بزنس مین کے طور پر بھی اپنی شناخت بنائی۔
سلمان خان نے 1988ء میں فلم ’بیوی ہو تو ایسی‘ سے بالی ووڈ میں قدم رکھا جبکہ 1989 میں فلم ’میں نے پیار کیا‘ نے اِنہیں راتوں رات اسٹار بنا دیا۔
اس کے بعد فلم ’ہم آپ کے ہیں کون؟‘، ’انداز اپنا اپنا‘، ’کرن ارجن‘، ’جڑواں‘، ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘، ’مجھ سے شادی کروگی‘، ’دبنگ‘ اور ’سلطان‘ جیسی سپر ہٹ فلموں نے ان کے کیریئر کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔
بھارتی میڈیا ’زوم‘ کی ستمبر 2025ء کی ایک رپورٹ کے مطابق سلمان خان کی مجموعی دولت تقریباً 2900 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔ اس دولت میں ممبئی کا شاندار گھر، کئی رئیل اسٹیٹ پراپرٹیز، ایک وسیع فارم ہاؤس، لگژری گاڑیاں اور ایک یاٹ شامل ہے۔
ممبئی میں 100 کروڑ کا سمندر کنارے فلیٹ
سلمان خان ممبئی کے باندرہ میں واقع گلیکسی اپارٹمنٹس میں رہائش پذیر ہیں جہاں سے بحیرۂ عرب کا خوبصورت نظارہ نظر آتا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ سلمان گراؤنڈ فلور پر رہتے ہیں جبکہ ان کے والد سلیم خان پہلی منزل پر مقیم ہیں۔ سلمان اس گھر سے گہری جذباتی وابستگی رکھتے ہیں اور اکثر اس کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے رہتے ہیں۔
80 کروڑ کا فارم ہاؤس
سلمان خان کا پنویل میں واقع فارم ہاؤس جسے ارپیتا فارمز کہا جاتا ہے تقریباً 150 ایکڑ پر پھیلا ہوا ہے اور اس کی مالیت 80 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔
یہاں نجی جم، سوئمنگ پول، جانور اور کھیتی باڑی کی سہولت موجود ہے، خان خاندان کی بڑی تقریبات اور سلمان کی سالگرہ بھی اکثر یہیں منائی جاتی ہے۔
دیگر جائیدادیں
ممبئی کے علاوہ سلمان خان کے پاس کارٹر روڈ اور ورلی میں بھی جائیدادیں موجود ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ دبئی میں دی ایڈریس ڈاؤن ٹاؤن اور برج پیسیفک ٹاورز میں لگژری اپارٹمنٹس کے مالک بھی ہیں تاہم ان کی مالیت منظر عام پر کبھی نہیں آ سکی۔
لگژری گاڑیوں کا شوق
سلمان خان کو مہنگی گاڑیوں کا بےحد شوق ہے۔ ان کے پاس رینج روور، ٹویوٹا لینڈ کروزر، نسان پیٹرول، آڈی آر ایس 7، بی ایم ڈبلیو ایکس 6 اور مرسڈیز بینز جی ایل جیسی لگژری گاڑیاں موجود ہیں۔
3 کروڑ کی یاٹ
50ویں سالگرہ پر سلمان خان نے خود کو تقریباً 3 کروڑ روپے کی ایک یاٹ تحفے میں دی تھی جس کے ذریعے وہ ممبئی کی مصروف زندگی سے دور سمندر میں وقت گزارتے ہیں۔
’جی کیو انڈیا‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق سلمان خان ایک فلم کے لیے 100 سے 150 کروڑ روپے تک معاوضہ لیتے ہیں۔
اس کے علاوہ وہ گزشتہ 15 برسوں سے مقبول ٹی وی شو بگ باس کی میزبانی سے بھی بھاری آمدنی حاصل کر رہے ہیں۔
سلمان خان ناصرف کامیاب اداکار ہیں بلکہ ایک سمجھدار سرمایہ کار اور بزنس مین بھی سمجھے جاتے ہیں۔