پاکستان میں ریپ موسیقی کی مقبولیت دن بہ دن بڑھ رہی ہے اور اب ملک کا پہلا ریئلٹی ریپ شو ریپ آئیکن پاکستان 2026 میں منظرِ عام پر آنے والا ہے۔
پکسل انٹرٹینمنٹ نے اس مقابلے کا اعلان کرتے ہوئے تصدیق کی کہ طلحہ انجم اور بوہیمیا شو کے ججز ہوں گے۔
اس شو کا مقصد نوجوان ٹیلنٹ میں سے اگلا طلحہ انجم یا اگلا بوہیمیا تلاش کرنا ہے، شو 10 اقساط پر مشتمل ہوگا اور عید الفطر کے قریب نشر کیا جائے گا۔
شو میں 10 سے 12 شرکاء کو مختلف ریپ چیلنجز کا سامنا کرنا ہوگا اور ابتدائی اقساط میں ناکامی کی صورت میں کاسٹ سے خارج ہونے کا خطرہ بھی رہے گا۔
منتظمین نے درخواستیں طلب کی ہیں، جس میں ممکنہ شرکاء سے کہا گیا ہے کہ وہ ریپ آئکن پاکستان کے الفاظ پر مبنی ایک ریپ ٹریک بنائیں اور اپنی پرفارمنس کی ویڈیو بھیجیں۔
آڈیشن اور شرکاء کے انتخاب کا عمل جنور ی میں شروع ہوگا، جبکہ پروڈیوسرز کی کوشش ہے کہ شو کی شوٹنگ رمضان سے پہلے مکمل ہو جائے۔
اگرچہ پاکستان میں یہ پہلا ریئلٹی ریپ شو ہے، لیکن عالمی سطح پر یہ خیال نیا نہیں، امریکا میں The Rap Game نے 2019 میں پانچ سیزنز مکمل کیے، جبکہ بھارت میں MTV Hustle نے دِسی ہپ ہاپ کے شائقین کو متعدد ٹریکس فراہم کیے ہیں۔