• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حنا خواجہ بیات نے محبت کے بغیر شادی کا دردناک قصہ بیان کردیا

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ حنا خواجہ بیات نے محبت کے بغیر شادی کا دردناک قصہ بیان کر دیا۔

حال ہی میں سینئر اداکارہ نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

دورانِ گفتگو انہوں نے ایک خاتون کا قصہ سنایا جو اپنی شادی سے خوش نہیں تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ایک خاتون نے مجھ سے پوچھا کہ ’آپ کا اپنے شوہر کے ساتھ تعلق کیسا تھا؟ اور آپ ان کی موت کے بعد خوش کیسے رہ پاتی ہیں؟‘ میں نے جواب دیا کہ ’ان کی یادیں مجھے خوش رکھتی ہیں اور میں اپنی زندگی کے باقی دن ان کی یادوں کے ساتھ گزار سکتی ہوں کیونکہ وہ کبھی نہیں چاہتے تھے کہ میں غمزدہ رہوں‘۔

حنا خواجہ نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اس کے بعد اس خاتون نے کہا کہ ’اگر میرا شوہر (خاتون کا شوہر) آج فوت ہو جائے تو میں خود کو خوش قسمت سمجھوں گی اور اللّٰہ کا شکر بھی ادا کروں گی‘۔ میں نے ان سے پوچھا کہ ’کیا وہ اپنی زندگی خود سنبھال سکتی ہیں؟ کیا وہ مالی طور پر اتنی مستحکم ہیں؟ جس پر انہوں نے نفی میں جواب دیا کیونکہ وہ مالی اعتبار سے اپنے شوہر پر منحصر تھیں۔

سینئر اداکارہ نے بتایا کہ میں نے اُس خاتون کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے شوہر سے الگ ہونے کا نہ سوچیں بلکہ خود کو جذباتی طور پر ان سے الگ کر لیں۔

حنا خواجہ کے مطابق خاتون نے ان کے مشورے پر عمل کیا اور بتایا کہ اب حالات بہتر ہو گئے ہیں۔ خاتون نے یہ بھی کہا کہ اب ہماری دوبارہ بات چیت شروع ہوگئی ہے اور ہم ایک ساتھ ٹی وی دیکھتے اور دیگر سرگرمیوں میں ساتھ وقت گزارتے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید