ایشین گیمز ایتھلیٹکس میں پاکستان کے گوہر شہباز نے 100 میٹرز میں سیمی فائنل کےلیے کوالیفائی کرلیا ہے، تاہم پاکستان کے ٹاپ ایتھلیٹ شجر عباس سیمی فائنل تک نہ آسکے۔
خواتین کی 400 میٹر میں صاحب اسرا 0.17 سیکنڈز کے فرق کی وجہ سے فائنل میں نہ آسکیں۔
100 میٹرز کی ہیٹس کی دوسری دوڑ میں گوہر شہباز 10.56کی ٹائمنگ کے ساتھ اپنی ہیٹ میں چوتھی پوزیشن پر رہے، یہ اس سیزن میں گوہر شہباز کی بہترین ٹائمنگ ہے، جس کے ساتھ انہوں نے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔
پاکستان کے ٹاپ ایتھلیٹ شجر عباس 100 میٹر کے سیمی فائنل تک نہ آسکے، شجر عباس اپنی ہیٹ میں 10.59 کی ٹائمنگ کے ساتھ چھٹے نمبر پر رہے۔
100 میٹرز میں ہر 5 ہیٹ کے ٹاپ 4 اور کے بعد بہترین 4 ٹائمنگ کے ایتھلیٹس سیمی فائنل میں آئے۔
خواتین کی 100 میٹرز میں پاکستان کی دونوں ایتھلیٹس فائنل تک نہ آسکیں، 100 میٹر کی پہلی ہیٹ میں عروج کرن 12.04 کی ٹائمنگ کے ساتھ چھٹے نمبر پر رہیں یہ عروج کی پرسنل بیسٹ ٹائمنگ ہیں۔
100 میٹر کی دوسری ہیٹ میں تامین خان 12.42 کی ٹائمنگ کے ساتھ چھٹے نمبر پر آئیں، پاکستان کی دونوں خواتین ایتھلیٹس ٹاپ 8 میں نہ آسکیں۔
خواتین کی 400 میٹر میں صاحب اسرا کا ہیٹس میں تیسرا نمبر رہا، صاحب اسرا نے 400 میٹر کا فاصلہ 55.18 سیکنڈز میں طے کیا۔
پاکستانی ایتھلیٹ بدقسمتی سے فائنل تک نہ آسکیں، صاحب اسرا کوالیفائی کرنے والی آخری ایتھلیٹ سے 0.17 سیکنڈز پیچھے رہیں۔
مینز 400 میٹر میں پاکستان کے اسد الرحمن کی مایوس کن پرفارمنس رہی، وہ 48.60 کی ٹائمنگ کے ساتھ اپنی ہیٹ میں چھٹے نمبر پر آئے۔
خواتین کی 10 ہزار میٹر دوڑ میں پاکستان کی فرحت بانو کا آخری نمبر رہا، جو 44:32.40 کی ٹائمنگ کے ساتھ 7 ایتھلیٹس میں ساتویں نمبر پر رہیں۔
فرحت بانو چھٹے نمبر پر آنے والی نیپال کی ایتھلیٹ سے بھی 6 منٹ پیچھے رہیں، نیپالی سنتوشی سریشتا 38:40.15 کی ٹائمنگ کے ساتھ چھٹے نمبر پر تھیں، 44:32.40 فرحت کی 10 ہزار میٹر دوڑ میں اپنی پرسنل بیسٹ ٹائمنگ ہیں۔