• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئی شک نہیں بابر اعظم بہت بڑا پلیئر ہے، ذکاء اشرف

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف نے کہا ہے کہ کوئی شک نہیں بابر اعظم بہت بڑا پلیئر ہے، سرفراز احمد سے زیادتی ہوئی ہے تو ازالہ کریں گے۔

ایک انٹرویو کے دوران ذکاء اشرف نے کہا کہ ورلڈ کپ 2023ء میں ابھی وارم اپ میچ ہوا ہے، پلیئرز ایڈجسٹ ہو رہے ہیں، ٹیم کم بیک کرے گی، ابھی ورلڈ کپ چل رہا ہے، ہماری ساری دعائیں ٹیم کےساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مکی آرتھر اور اُن کی ٹیم کو میرے آنے سے پہلے رکھا گیا تھا، غیر ملکی کوچز سے معاہدے کی اگر پاسداری نہ کریں تو بورڈ کی بدنامی ہوتی ہے۔

چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نے مزید کہا کہ مکی آرتھر نے وعدہ کیا ہے کہ وہ پورےورلڈ کپ اور دورہ آسٹریلیا میں دستیاب ہوں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کے بعد تبدیلی ہوگی یا نہیں، اس پر میں ابھی کوئی بات نہیں کروں گا، میگا ایونٹ کے بعد ٹیم کارکردگی کا جائزہ لیں گے اور پھر دیکھیں گے کہ کیا کرنا ہے۔

ذکاء اشرف نے یہ بھی کہا کہ بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی ٹاپ پلیئرز ہیں جو پاکستان کی خدمت کر رہے ہیں، لیگ کرکٹ کی چمک دمک سےانٹرنیشنل ٹیموں کو مشکلات ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹ کی کیٹیگریز کا فیصلہ میں نے نہیں کیا، کرکٹ کے فیصلے کرکٹرز کرتے ہیں، پلیئرز کو زیادہ پیسے اس لیے ہی دیے ہیں کہ وہ پاکستان ٹیم کو ترجیح دیں۔

چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نے کہا کہ اگر سرفراز احمد یا کسی پلیئر کے ساتھ ناانصافی ہوئی تو ازالہ ہوگا، اگر کسی سے کوئی غلط فیصلہ ہوا ہے تو اس کو ٹھیک کریں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اے کیٹیگری میں رہنے کے لیے پلیئر کو پرفارم کرنا ہوگا، نہیں تو وہ بی میں آجائے گا۔

ذکاء اشرف نے مزید کہا کہ میرا انضمام الحق سے احترام کا رشتہ ہے، کچھ وہ ہماری مانتے ہیں اور کچھ ہم ان کی مانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بڑے بڑے کرکٹرز سے بات کی، وہ پی سی بی میں کام کے لیے بھاری معاوضے طلب کرتے ہیں۔

چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نے کہا کہ 13-2012ء میں بی سی سی آئی کے چیئرمین سری نواسن نے دورہ پاکستان کی حامی بھری تھی۔ 

ذکاء اشرف نے کہا کہ پاکستان، بھارت کرکٹ کی 2 بڑی ٹیمیں ہیں، پاک بھارت مقابلے سے بڑا میچ کوئی نہیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید