قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ بابراعظم الیون کو جیت کے ٹریک پر واپسی کےلیے اسپیشل پرفارمنس دینا ہوگی۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں مصباح الحق نے کہا کہ پاکستان ٹیم مشکلات میں ہے، ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف میچ میں ہارنے کے بعد مسائل پیدا ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کو واپس جیت کے ٹریک پر آنے کےلیے اسپیشل پرفارمنس دینا ہوگی، بھارت کے خلاف میچ سے قبل دو میچز کافی اہم ہیں۔
سابق کپتان نے مزید کہا کہ نیدرلینڈز اور سری لنکا سے میچز میں اچھا پرفارم کرنا ضروری ہے، اگر 2 میچز میں اوپر نیچے ہوا تو پریشر آجائے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہر ٹیم کا اپنا کھیلنے کا طریقہ ہوتا ہے، اگر بورڈ پر 350 ہے تو میچ جیتنا بنتا ہے۔
مصباح الحق نے یہ بھی کہا کہ فخر کا آؤٹ آف فارم ہونا پریشانی کی بات ہے، لیفٹ ہینڈ اوپنر کو پریشر سے باہر نکلنا ہوگا، وہ اچھی کنڈیشن میں پاکستان کےلیے بڑا اسکور کرسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فخر کو اس لیے بیک کیا جارہا ہے کیونکہ وہ ٹیم کے کام آسکتا ہے، ورلڈ کپ میں غلطی کی گنجائش نہیں، کسی ٹیم کو آسان نہیں لے سکتے۔
سابق کپتان نے کہا کہ ہر میچ میں اپنا بہترین دینا ہوگا، سعود شکیل نے کافی زبردست کھیلا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ سینٹرل کنٹریکٹ پر میرے بھی کچھ تحفظات ہیں، اس میں میرا ان پٹ نہیں، یہ سلیکشن کمیٹی اور مینجمنٹ کا فیصلہ ہے، اہم ممبران کو سینٹرل کنٹریکٹ کی ٹاپ کیٹیگری میں ہونا چاہیے۔