مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پارٹی کارکنوں نے کمر کس لی ہے، 21 اکتوبر کو پورا پاکستان خوشحالی کا استقبال کرے گا۔
ن لیگی رہنما پرویز رشید کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، پنجاب، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر مینار پاکستان پر نواز شریف کا استقبال کرے گا۔
ن لیگی ترجمان نے یہ بھی کہا کہ پہلے بھی پاکستان بچایا تھا اور اب بھی بچائیں گے، عوام کو خوشحال بنائیں گے۔
اُنہوں نے استفسار کیا کہ پاکستان میں بجلی کے بل کس کے دور میں کم آتے تھے؟ اب بھی بجلی بل نواز شریف ہی کم کرے گا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ بتائیں مہنگائی کس نے کم کی تھی؟ بجلی کے اندھیرے نواز شریف نے ختم کئے تھے، اب وہی مہنگے بجلی کے بلوں سے نجات دلائیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ دہشت گردی نواز شریف نے ختم کی تھی، انشاء اللّٰہ، ملک اور قوم کی جان دہشت گردی سے پھر چھڑائیں گے۔