امریکا کے ایوانِ نمائندگان میں ری پبلکن پارٹی کے پیٹرک مک ہینری کو قائم مقام اسپیکر نامزد کر دیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مک ہینری نئے اسپیکر کے انتخاب تک خدمات سر انجام دیں گے۔
ری پبلکن اراکین کا کہنا ہے کہ ایوانِ نمائندگان کے نئے اسپیکر کے لیے ووٹنگ آئندہ ہفتے ہو گی۔
اسپیکر کے انتخاب سے قبل منگل کی رات ایوانِ نمائندگان کی کانفرنس میٹنگ ہو گی۔
ری پبلکن رکن باب گڈ کا کہنا ہے کہ اُمید ہے کہ نئے اسپیکر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ بدھ کو ہو گی۔
واضح رہے کہ امریکی ایوانِ نمائندگان میں ریپبلکنز نے عدم اعتماد کے ووٹ کے ذریعے ہاؤس اسپیکر کیون مک کارتھی کو عہدے سے ہٹا دیا۔
سخت گیر ری پبلکن ارکان کی جانب سے مکا کارتھی کے خلاف پیش کی گئی قرار داد پر ایوانِ نمائندگان نے 210 کے مقابلے میں 216 ووٹوں سے اسپیکر کو فارغ کیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکا کی 234 سالہ تاریخ میں پہلی بار ایوان نے اسپیکر کے خلاف ووٹ دیا، ہاؤس اسپیکر کو ایسے وقت میں فارغ کیا گیا جب الیکشن میں محض ایک سال باقی ہے۔
مک کارتھی نے حکومتی شٹ ڈاؤن کو روکنے کے لیے دو طرفہ کوششوں کا انتظام کیا تھا، ایوانِ نمائندگان میں ڈیموکریٹس سے تعاون پر سخت گیر ری پبلکن ارکان مک کارتھی سے ناراض تھے۔