امریکی صدر جو بائیڈن نے آج دوسرے روز بھی اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نتن یاہو سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
واشنگٹن سے خبر ایجنسی کے مطابق حماس کی جانب سے کامیاب حملے کے بعد امریکی صدر اور اسرائیلی وزیراعظم کی گذشتہ روز بھی بات چیت ہوئی تھی۔
خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ امریکی وزیرخارجہ نے آج اسرائیل کے لیے نئی امریکی فوجی امداد کے اعلان کا کہا ہے۔
دوسری جانب غزہ پر اسرائیل کی بمباری سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 313 ہوگئی جبکہ 2 ہزار سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
حماس نے ایک اور اسرائیلی شہر پر راکٹوں سے حملہ کیا، حماس کی کارروائیوں میں سینئر فوجی افسر سمیت 50 سے زائد فوجی اور 600 سے زیادہ اسرائیلی ہلاک اور 2 ہزار سے زیادہ زخمی ہوئے۔
اسرائیل نے فلسطینیوں کو 12 گھنٹے میں غزہ خالی کرنے کا الٹی میٹم دے دیا، اسرائیلی وزیراعظم نے غزہ پر مکمل قبضہ کرنے اورحماس کو ختم کرنے کی دھمکی دے دی، اسرائیلی وزیراعظم نے جنگ کے فرمان پر بھی دستخط کردیے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز حماس نے جوابی ایکشن کرتے ہوئے عرب اسرائیلی جنگ کی پچاسویں سالگرہ پر علی الصبح پہلی بار غزہ سے بیک وقت بری، بحری اور فضائی کارروائی کی تھی۔
حماس نے اسرائیل کے جنوبی شہروں میں فوجی اڈوں اور عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا، جس میں فوجیوں سمیت 290 سے زائد اسرائیلی ہلاک اور 1 ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔