پاکستان ٹیم نے وہیل چیئر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ایشیا کپ میں بھارت کو دھول چٹا دی۔
بھارت 242 رنز کے تعاقب میں 8 وکٹوں پر 203 رنز بناسکا اور 38 رنز سے شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگیا۔
یٹر راماوتھ کٹیشور کی سنچری بھی ٹیم کو ناکامی سے نہ بچاسکی، محمد فیض نے 4 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔
عمر گل کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا، ایشیا کپ کا فیصلہ کن معرکہ دفاعی چیمپئن پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پیر کو کھیلا جائے گا۔
نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ایشیا کپ میں پاک بھارت کا ٹاکرا ہوا، بھارت نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستانی اوپنرز محمد عدنان اور عمر گل نے اننگز کا شاندار آغاز کیا اور پہلی وکٹ پر 98رنز بنائے، محمد عدنان 39رنز بنا کر معین خان کی گیند کا نشانہ بنے۔
اس موقع پر عمر گل اور محمد لطیف نے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کرتے ہوئے ذمہ دارانہ اسٹروکس کھیلے اور ٹیم کا اسکور201رنز تک پہنچایا۔
محمد لطیف کو منوج نے آؤٹ کیا، انہوں نے 24 گیندوں کی مدد سے 61رنز بنائے۔
208رنز پر پاکستان کی تیسری وکٹ گری، عمر گل شیوا جی کی گیند پر وکٹ کیپر محمد عدیل کو گیند تھمابیٹھے، انہوں نے 53 گیندوں پر 89 رنز بنائے۔
216 کے مجموعی اسکور پر مزید 2 وکٹیں گریں، ساجد عباسی اورمحمد فیض دونوں ہی رن آوٴٹ ہوئے، ساجد 5رنز بناسکے اور فیض صفر پر آؤٹ ہوئے۔
مثل خان 23 اور احمد یار 4رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، یوں گرین شرٹس نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بنائے، بھارت کے شیوا جی، منوج اور معین خان نے ایک، ایک وکٹ لی۔
ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 8 وکٹوں پر 203 رنز بناسکی اور پاکستان کے ہاتھوں 38رنز سے شکست کھا کر ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہوگئی، گرین شرٹس نے مسلسل دوسری بار فائنل میں رسائی حاصل کی۔
بیٹر راماوتھ کٹیشور کی 103رنز کی ناقابل شکست اننگز بھی ٹیم کو ناکامی سے نہ بچاسکی، پرشورم نے 53رنز بنائے۔
محمد فیض نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور مثل خان ایک وکٹ لے سکے، عمر گل کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
ایشیا کپ کا فیصلہ کن معرکہ دفاعی چیمپئن پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پیر کو کھیلا جائے گا۔