• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان، سری لنکا ورلڈ کپ میں کتنی بار مدمقابل آئے؟ کون، کب جیتا؟

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ 2023ء میں ٹیم پاکستان اپنا دوسرا میچ کل سری لنکا کے خلاف کھیلے گی۔

ورلڈ کپ کی تاریخ میں پاکستان اور سری لنکا 8 بار آمنے سامنے آئے، ایک بار 2019ء میں میچ بارش کے باعث نہ ہوسکا۔

پاکستان نے 1975 سے 2011 ء کے دوران سری لنکا کو 7 مقابلوں میں شکست سے دوچار کیا۔ پاکستان نے 1975ء کے میچ میں سری لنکا کو 192 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی تھی۔

گرین کیپ نے 1983 کے ورلڈ کپ میں سری لنکا کو دو بار شکست سے دوچار کیا، پہلی بار 50 اور دوسری دفعہ 11 رنز سے شکست دی۔

1987 کے ورلڈ کپ میں بھی پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو میچز کھیلے گئے، پہلے میں گرین کیپ نے 15 اور دوسرے میں 113 رنز سے فتح اپنے نام کی۔

گرین شرٹس کا 1992ء کے ورلڈ کپ میں سری لنکا سے صرف ایک ٹاکرا ہوا، جس میں پاکستان 4 وکٹ سے فتحیاب ٹھہرا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 1996، 1999، 2003 اور 2007ء کے ورلڈ کپ میں کوئی مقابلہ نہیں ہوا۔

دونوں ٹیمیں آخری بار 2011ء کے ورلڈکپ میں مدمقابل آئیں، جس میں پاکستان نے سری لنکا کو 11 رنز سے مات دے کر ورلڈ کپ کی تاریخ میں اپنی جیت کا سلسلہ برقرار رکھا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان حیدر آباد دکن اسٹیڈیم میں میگا ایونٹ کا 8واں میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 1 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔

پاکستان ٹیم نے دوسرے میچ کی تیاری کےلیے حیدر آباد کے جم خانہ گراؤنڈ میں پریکٹس سیشن کیا، جس میں 9 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔

ٹریننگ سیشن میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں میں کپتان بابر اعظم، شاداب خان، حسن علی، محمد وسیم جونیئر، حارث روف، سعود شکیل، محمد حارث، زمان خان اور ابرار احمد شامل ہیں۔

دونوں ٹیموں کا ایونٹ میں یہ دوسرا میچ ہوگا، پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کو 81 رنز سے شکست دی تھی جبکہ سری لنکا کو جنوبی افریقا نے 102 رنز سے ہرایا تھا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید