• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محمد نواز کا ورلڈ کپ میں جیت کا سلسلہ برقرار رکھنے کا عزم

قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد نواز نے ورلڈ کپ 2023ء میں جیت کے سلسلے کو برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ بھارتی کنڈیشنز میں بولرز کو ڈسپلن کے ساتھ گیند بازی کرنا ہوگی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ڈیجیٹل سے بات چیت میں محمد نواز نے کہا کہ یہ بہت ضروری ہوتا ہے کہ آپ کسی بھی بڑے ٹورنامنٹ کا آغاز مثبت انداز میں کریں اور ہم یہی کچھ دیکھ رہے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے یہاں 2 پریکٹس میچز کھیلے اور پھر پہلا میچ بھی یہیں کھیلا ہے اور اب ہم امید کر رہے ہیں کہ اسی مومینٹم کو برقرار رکھیں اور حیدرآبد کا مرحلہ جیت پر ختم کریں۔

آل راؤنڈر نے یہ بھی کہا کہ سعود شکیل اور محمد رضوان کی پارٹنرشپ اس صورتحال میں بہت اہم رہی جب 38 رنز پر 3 وکٹیں گرچکی تھیں۔

محمد نواز کہتے ہیں کہ وہ اور شاداب خان یہ پلان بناچکے تھے کہ پارٹنرشپ قائم کرنی ہے، اننگز کو آگے لے جانا ہے اور پھر اٹیک کرنا ہے لیکن بدقسمتی سے ایسا نہ ہوسکا تاہم ہم ایک اچھا ٹوٹل ٹیم کو دینے میں کامیاب رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی لیفٹ آرم اسپنر کے لیے وہ ایک ڈریم بال ہوتی ہے جو اندر آئے اور پھر باہر ٹرن ہوجائے، باسڈ یلیڈا اچھے آل راؤنڈر ہیں اور وہ اس وقت اچھا کھیل رہے تھے، ان کی وکٹ بہت اہم تھی۔

محمد نواز کے خیال میں انڈین کنڈیشنز میں ہم تمام بولرز کو ڈسپلن کے ساتھ بولنگ کرنی ہوگی، اسپنرز کا کردار اہم ہوگا، زیادہ تر وینیوز بیٹنگ کے لیے سازگار ہیں لیکن جیسے جیسے ٹورنامنٹ آگے بڑھے گا پچز پر زیادہ ٹرن ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ باؤنڈریز نسبتاً چھوٹی ہیں لہٰذا بولرز کے لیے آسان نہیں ہوگا لیکن ہم نے ان کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کی کوشش کی ہے، انہوں نے پچھلے میچ سے جو اعتماد حاصل کیا ہے اسے آئندہ میچوں میں بھی ٹیم کی ضروریات کے مطابق بروئے کار لانا چاہئیں گے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید