14 اکتوبر کو ہونے والے پاک بھارت ٹاکرے سے قبل قومی ٹیم کا احمد آباد میں ڈھول کی تھاپ، پھولوں کی برسات کے ساتھ شاندار استقبال کیا گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
خیال رہے کہ بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء میں حیدر آباد دکن میں ہونے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کی ابتدائی 2 میچوں میں شاندار کامیابی کے بعد اگلی منزل احمد آباد کا نریندر مودی اسٹڈیم ہے جہاں قومی ٹیم کا سامنا روایتی حریف بھارت سے ہو گا۔
قومی ٹیم نے حیدر آباد دکن میں فتح کے جھنڈے گاڑنے کے بعد اگلے ہدف پر نظریں جما دیں اور چارٹر فلائٹ کے ذریعے احمد آباد پہنچ گئے۔
احمد آباد پہنچنے پر پہلے ایئر پورٹ اور پھر ہوٹل میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا والہانہ استقبال کیا گیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہوٹل پہنچنے پر کھلاڑیوں کا ڈھول کی تھاپ، پھولوں کی برسات، روایتی رقص کے ساتھ شاندار استقبال کیا گیا۔
انہیں اس موقع پر روایتی شال پہنائی گئی، منہ میٹھا کرایا گیا اور ناریل پانی بھی پیش کیا گیا۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ 2023ء میں پاکستان ٹیم کا اگلا (تیسرا) میچ بھارت کے خلاف 14 اکتوبر کو احمد آباد میں شیڈول ہے۔
اس میچ سے قبل خصوصی تقریب کا اہتمام بھی کیا گیا ہے، جس میں بھارتی سُپر اسٹارز شریک ہوں گے۔