امریکا کے وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن اسرائیل کے دورے پر پہنچ گئے۔
امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن نے حماس اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے حوالے سے اسرائیل کا دورہ کیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی وزیرِخارجہ بلنکن نے تل ابیب میں اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو سے ملاقات کی ہے۔
غیر ملکی خبرایجنسی نے بتایا ہے کہ بلنکن نے اسرائیلی وزیرِ اعظم سے مصافحے کے دوران مکالمہ کیا کہ ہم یہیں ہیں، کہیں نہیں جا رہے۔
اس حوالے سے امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ امریکی وزیرِ خارجہ بلنکن کل عمان میں فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کریں گے۔
امریکی عہدیدار نے کہا کہ انٹونی بلنکن کل عمان میں ارن کے شاہ عبداللّٰہ دوم سے بھی ملاقات کریں گے۔
امریکا کی جانب سے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی جانب سے حملوں کے خلاف اسرائیل کی حمایت اور دفاعی ضروریات پوری کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا تھا کہ امریکا اسرائیل کو تعاون کے لیے تمام مناسب ذرائع دینے کو تیار ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق حماس نے کہا ہے کہ غزہ مہاجر کیمپ پر اسرائیلی حملے میں 15 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔
حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے پورے غزہ میں رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا ہے، غزہ کے شہریوں کو اسرائیل کی طرف سے حملے سے قبل کوئی وارننگ نہیں دی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اردن نے غزہ کے لیے ابتدائی امداد بھیجنے کا اعلان کر دیا۔
اردنی فوجی ذرائع کے مطابق فوجی طیارہ امداد کو مصر کے ساتھ رفاہ بارڈر کراسنگ تک لے جائے گا، اجازت ملنے پر امداد غزہ کے حکام کو منتقل کی جائے گی۔
عرب میڈیا کے مطابق فلسطینی وزارتِ صحت نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی وحشیانہ جارحیت کے باعث 50 سے زائد طبی عملے کے ارکان شہید ہوئے ہیں۔
فلسطینی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بمباری سے وسیع تباہی سے غزہ کی پٹی میں ماحولیاتی آلودگی اور وبائی امراض پھیلنے کا خطرہ ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق حماس کے حملوں میں اب تک 13 سو اسرائیلی ہلاک اور 3 ہزار 300 زخمی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ کی پٹی پر بمباری سے حماس بحری فورس کے سینئر رکن محمد ابوشمالہ مارے گئے۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی جنگی طیارے نے رفاہ میں ابوشمالہ کی رہائش گاہ کو میزائل سے نشانہ بنایا، ابوشمالہ کی رہائش گاہ کو حماس بحری ہتھیار رکھنے کے لیے استعمال کرتی تھی۔
اسرائیلی فوج نے ابوشمالہ کے گھر پر فضائی حملے کی فوٹیج بھی جاری کی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق دیگر ذرائع سے اسرائیلی بمباری میں محمد ابوشمالہ کی شہادت کی تصدیق نہیں ہو سکی۔