امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ممالک پر مزید ٹیرف لگانے کی دھمکی دے دی۔
اپنے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ جو ملک بھی سپریم کورٹ کے مضحکہ خیز فیصلے سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے گا اس پر زیادہ ٹیرف لگے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ کوئی بھی ملک جو سپریم کورٹ کے فیصلے کے ساتھ کھیلنا چاہے، خاص طور پر وہ جو برسوں یا دہائیوں سے امریکا کو نقصان پہنچا رہے ہیں، انہیں حال ہی میں طے شدہ ڈیوٹی سے کہیں زیادہ بھاری ٹیرف کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ بطور صدر مجھے ٹیرف منظوری کے لیے کانگریس میں جانے کی ضرورت نہیں ہے۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے جمعہ کو فیصلہ دیا تھا کہ ٹرمپ کی ہنگامی تجارتی ڈیوٹیاں غیر قانونی ہیں۔
فیصلے میں کہا گیا تھا کہ ٹرمپ نے جس قانون کے تحت اضافی ٹیرف لگائے وہ قومی ایمرجنسی کے لیے بنایا گیا ہے ۔ صدر ٹرمپ نے اضافی ٹیرف نافذ کرتے وقت اختیارات سے تجاوز کیا۔ یہ قانون ٹرمپ کو اضافی ٹیرف لگانے کی اجازت نہیں دیتا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین، بھارت، پاکستان اور برطانیہ سمیت متعدد ملکوں پر یہ ٹیرف عائد کیے تھے۔
امریکی میڈیا کے مطابق گلوبل ٹیرف صدر ٹرمپ کی خارجہ پالیسی اور اکانومک ایجنڈے کا مرکزی پارٹ ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کو ٹرمپ کے دوسرے دورِ صدارت کا بڑا نقصان کہا جا رہا ہے۔