• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کا غزہ میں فلسطینیوں پر غیر انسانی بمباری فوری روکنے کا مطالبہ


پاکستان نے غزہ میں فلسطینیوں پر غیر انسانی بمباری فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کر دیا۔

ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا ہے کہ پاکستان غزہ میں اسرائیل کی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے وہاں نہتے فلسطینیوں پر زمین تنگ کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ عالمی برادری پاکستان کے ساتھ مل کر غزہ میں سیز فائر کروانے کے لیے کام کرے، مشرق وسطیٰ میں قیام امن وقت کی اہم ضرورت ہے، فلسطینوں کے خلاف اسرائیل امتیازی سلوک برت رہا ہے۔

ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا کہ پاکستان فلسطین کاز کا مضبوط حامی اور او آئی سی کا مستقل رکن ہے، اس لیے فلسطین کے مسئلے پر او آئی سی کا خصوصی اجلاس بلانے کے لیے پاکستان کوشش کر رہا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد ہونا چاہیے، اسرائیل عالمی قوانین کی پاسداری اور احترام کرے۔

 ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے یہ بھی کہا کہ امید ہے کہ اسرائیل بھی عرب لیگ کے مطالبات پر سنجیدگی سے غور کرے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ غزہ میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا، معصوم بچے اور خواتین شہید ہوئیں۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی بھی مذمت کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا کہ کونسل آف فارن منسٹرز کے اجلاس میں نگراں وزیرِ خارجہ نے مسئلہ کشمیر پر روشنی ڈالی، مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں حریت جماعتوں پر بھارتی حکومت پابندیاں عائد کر رہی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ کشمیریوں کو ان کی مرضی کے مطابق حق خود ارادیت ملنا چاہیے۔

قومی خبریں سے مزید