مون سون ہوائیں پاکستان میں داخل ہوگئیں،بلوچستان کے علاقوں دکی، موسی خیل ،ہرنائی لورالائی ،کوہلو بارکھان،کوہ سلیمان میں تیز بارش جبکہ محکمہ موسمیات نے آج اور کل سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں جبکہ پنجاب ، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں کہیں کہیں بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں اور چنیوٹ میں مون سون برسانے والی ہوائیں داخل ہو گئی ہیں ، جس کے بعد ہونےوالی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
شمال مشرقی بلوچستان میں مون سون ہوائیں داخل ہوتے ہی مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، دکی، موسی خیل ،ہرنائی لورالائی ،کوہلو بارکھان اور کوہ سلیمان میں بارش کےباعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی اور گرمی کا زور بھی ٹوٹ گیا۔ چنیوٹ شہر اور گردونواح میں بھی مون سون برسات کا سلسلہ شروع ہوگیا، گردآلود پواؤں کے ساتھ شروع ہونےوالی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
محکمہ موسیات کاکہناہےکہ آج سے ملک کے بیشتر علاقوں میں مون سون بارشیں شروع ہونے کا امکان ہے ۔
ماہرین محکمہ موسمیات بتاتے ہیں، سبی، مکران، قلات، نصیرآباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور، فیصل آباد ڈویژنز، اسلام آباداورکشمیر میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔ جبکہ کوئٹہ، ژوب، جنوبی پنجاب، زیریں سندھ میں کہیں کہیں تیزہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے،فاٹا، خیبرپختونخوا اور بالائی سندھ میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔