پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ماضی میں جو ہو گیا اس پر توجہ نہیں، جو حال ہے اس پر توجہ ہے۔
پاک بھارت میچ سے ایک دن پہلے احمد آباد میں پری میچ پریس کانفرنس میں بابر اعظم نے کہا کہ کوشش ہو گی کہ کل کے میچ میں اچھی پرفارمنس دیں۔
ان کا کہنا ہے کہ نسیم شاہ کی کمی محسوس کریں گے، انہوں نے ایشیاء کپ میں متاثر کن بولنگ کی تھی، شاہین آفریدی پر یقین ہے کہ وہ بڑے میچ ک
بولر ہے، ایک دو میچز میں اوپر نیچے پرفارمنس ہو گئی اس کا مطلب یہ نہیں کہ سوالیہ نشان آ گیا۔
قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہر شہر کی طرح یہاں بھی کنڈیشنز مختلف ہیں، جہاں زیادہ وقت گزرتا ہے وہاں کی کنڈیشنز کو جاننے میں مدد ملتی ہے۔
بابر اعظم نے مزید کہا کہ حیدر آباد میں ہمارا بہت وقت گزرا، ہر شہر کی کنڈیشنز مختلف ہیں۔
بابر اعظم نے کہا کہ ورلڈ کپ جیتنا ہے تو فیلڈنگ بہتر ہونی چاہیے، کھلاڑیوں پر بڑے اسٹیڈیم کا دباؤ نہیں، مجھے امید ہے حیدرآباد کی طرح یہاں بھی مداحوں کی سپورٹ ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ بولرز کے پاس مارجن کم ہے، بولرز کو کہا ہے لینتھ پر قابو رکھیں، بھارت کے ٹاپ آرڈر کو کیسے آؤٹ کرنا ہے اس کے لیے پلان کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائی والٹیج میچ 14 اکتوبر (کل) احمد آباد کے نریندرا مودی اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔
پاکستانی وقت کے مطابق یہ میچ دوپہر ڈیڑھ بجے شروع ہو گا۔