سابق بھارتی کپتان کپل دیو نے کہا ہے کہ پاکستان کی بیٹنگ مضبوط اور بولنگ کچھ کمزور لگ رہی ہے۔
14 اکتوبر کے پاکستان اور بھارت کے ورلڈ کپ کے میچ سے قبل جیو نیوز پر ’پاک بھارت ٹاکرا‘ میں عماد وسیم، محمد عامر، شیکھر دھون، عبدالرزاق اور کپل دیو نے حصہ لیا۔
بھارت کے سابق کپتان نے کہا کہ احمد آباد میں ہمیشہ اسپنرز کےلیے کچھ نہ کچھ مدد ملتی ہے، بول سکتے ہیں کہ بھارتی ٹیم 3 اسپنرز کے ساتھ کھیلے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی بیٹنگ مضبوط اور بولنگ کچھ کمزور لگ رہی ہے، پہلی بار سننے میں اچھا لگ رہا ہے کہ پاکستان اپنی بیٹنگ سے میچ جیت سکتا ہے۔
کپل دیو نے یہ بھی کہا کہ ورلڈ کپ 2023ء میں کچھ ٹی 20 میچز جیسا ماحول لگ رہا ہے۔
اس موقع پر عبدالرزاق نے کہا کہ فاسٹ بولر کی فٹنس بہت اہم ہے، اگر کوئی فاسٹ بولر فٹ نہیں تو اس کو بولنگ میں دقت ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہر پچ پر ایک جیسی بولنگ کریں گے تو مار پڑے گی، مختلف پچز پر مختلف انداز میں بولنگ کرنا ہو گی۔
عماد وسیم نے کہا کہ بھارت کو اس کی سرزمین پر ہرانا مشکل ہے لیکن کھیل میں کچھ بھی ممکن ہے۔
محمد عامر نے کہا کہ شاہین آفریدی اگر بھارت کے خلاف میچ کے ابتدائی اوورز میں وکٹیں لیتے ہیں تو بہت اچھا ہوگا۔
شیکھر دھون کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کچھ مختلف قسم کا گیم ہونے والا ہے۔