کراچی (جنگ نیوز) تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق رکن اسمبلی شہزاد قریشی نے کہا ہے کہ مرتضیٰ وہاب کی جماعت نے 15 برس میں شہر کو کچرا کنڈی میں تبدیل کرکے تباہ و برباد کردیا ہے، کراچی کو دنیا کا گندہ ترین شہر بنانے میں پیپلزپارٹی کا اہم کردار ہے ایک بیان میں اُن کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کراچی سے ”مال کپھے ووٹ کھپے“ چاہتی ہے لیکن اس شہر کو دینا کچھ نہیں چاہتی، لوکل گورنمنٹ میں ہمارا مینڈیٹ چھینا گیا ، اس بار مرتضیٰ وہاب جہاں سے بھی الیکشن لڑیں گے ہمارے ورکر اُنہیں فارغ کردیں گے، نچلی سطح تک اقتدار منتقل کرنے کیلئے سندھ میں دوبارہ بلدیاتی انتخابات کرانا ہوں گے،علاوہ ازیں شہزاد قریشی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کراچی کے شہریوں کیلئے بجلی کی قیمت میں اضافے کو رَد کرتی ہے، پی ڈی ایم حکومت کی آئی ایم ایف سے ڈیل کے ثمرات مہنگائی کی صورت میں مل رہے ہیں،انہوں نے خرم شیر زمان کے ریسٹورنٹ کی بندش کی بھی مذمت کی اور کہا کہ چیف جسٹس سے درخواست ہے کہ وہ انتقامی کارروائیوں کا خود نوٹس لیں۔