پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر کے بعد ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن نے بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ میں یکطرفہ ماحول پر تنقید کردی۔
ورلڈ کپ 2023ء کے 12ویں میچ میں بھارت سے شکست کے بعد گرانٹ بریڈ برن نے کہا کہ آج ورلڈ کپ میچ جیسا ماحول نہیں لگا، 100 فیصد کراؤڈ مخالف ٹیم کے حق میں تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے سپورٹرز گراؤنڈ میں نہیں تھے، ماحول تو یکطرفہ ہونا تھا، عام حالات میں ایسا یکطرفہ ماحول نہیں ہوتا۔
بریڈ برن نے مزید کہا کہ یقین ہے کہ بھارتی فینز بھی یہی چاہتے کہ پاکستانی سپورٹرز بھی یہاں ہوتے، ہمارا میوزک بھی نہیں تھا، یہ ورلڈ کپ میچ سا ماحول نہیں لگا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہمیں آج کے میچ میں سپورٹ کے حوالے سے کوئی مختلف توقع نہ تھی، 100 فیصد کراؤڈ مخالف ٹیم کے حق میں تھا۔
پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ نے یہ بھی کہا کہ میرا نہیں خیال کے اس سے پلیئر پر کوئی خاص اثر ہوتا ہے، میرا خیال ہے کہ ہم نے بطور ٹیم بھی بڑے میچ کے ساتھ انصاف نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایک موقع پر اچھا کھیل رہے تھے، ہمیں آج مزید جارح ہونے کی ضرورت تھی، آج کے میچ میں کنڈیشنز کافی مختلف تھیں۔
ہیڈ کوچ پاکستان ٹیم نے کہا کہ ہم یہاں ہارنے نہیں آئے، شکست پر ٹیم دل برداشتہ ہے، ہم ہر میچ میں سیکھنے کی کوششش کرتے ہیں، ہم نے 2 فتوحات سے سیکھا، آج کی شکست سے بھی سیکھیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے اب بھی 3 میں سے 2 میچز جیتے ہوئے ہیں، پلیئر میں صلاحیت ہیں، آج اپنی صلاحیت کے مطابق نہیں کھیل سکے۔
بریڈ برن نے کہا کہ ہم ورلڈ کپ میں نسیم شاہ کی کمی شدت سے محسوس کر رہے ہیں، ایونٹ کا ہر میچ اہم ہے، ہر حریف سخت ہے، ہمارے فاسٹ بولر اچھے ہیں مگر کارکردگی میں تسلسل نہیں ہوپا رہا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے بالکل ویسا ہی کھیلا، جیسا ہم پلان کرکے آئے تھے، ہم مختلف کامبی نیشن آزما سکتے ہیں۔
ہیڈکوچ نے مزید کہا کہ اسامہ کو آج بخار تھا، ہمیں اسکواڈ میں شامل ہر 15 پلیئر پر مکمل اعتماد ہے۔