پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ نواز شریف ایک مجرم ہیں، اشتہاری ہیں، کیسے جہاز سے اتر کر جلسہ گاہ جائیں گے؟
جیو نیوز کے پروگرام’’نیا پاکستان‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ نواز شریف کو کہہ رہا ہوں کہ کیا کر رہے ہیں؟ پھر غلطی کرنا چاہ رہے ہیں، جو کسی کے کندھے پر چڑھ کر آئے گا تو اس میں فیصلہ کرنے کی کیا طاقت ہوگی؟
پی پی رہنما نے کہا کہ ن لیگ نے کافی تکلیفیں دیکھی ہیں، ہم کبھی بیک ڈور سے نہیں آئے، ہم جمہوری لوگ ہیں، بلدیاتی سطح کے معاملات کو پارلیمنٹ کی سطح کے معاملات سے نہ جوڑیں۔
خورشید شاہ نے کہا کہ نواز شریف کے ساتھ کیا ہوا، ہمارے ساتھ کیا ہوا، چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ کیا ہوا؟ حقیقت کو دیکھتے ہوئے کل بیان دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو بار بار کہہ چکا ہوں کہ ملک کے ساتھ بہت کچھ ہوچکا، کیوں ہم پاکستان کی آئندہ کی نسلوں کو مشکل میں ڈال رہے ہیں، پہلی بار سپریم کورٹ نے پارلیمنٹ کی سپرمیسی کو تسلیم کیا ہے۔
خورشید شاہ نے مزید کہا کہ نواز شریف پورے ملک میں خطاب کریں، لیکن طریقہ ہونا چاہیے، یہ خطرناک ٹریپ ہے، جس میں ن لیگ پھنس رہی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی اور نواز شریف میں کیا فرق رہا؟
پی پی پی رہنما نے یہ بھی کہا کہ پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ بیک ڈور سیاست چھوڑ دیں، کب تک بیک ڈور سیاست چلتی رہے گی؟ کیا اب بھی ہم نہیں سدھریں گے؟
پروگرام میں شریک مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے انہیں جواب دیتے ہوئے کہا کہ خورشید شاہ دھیمے لہجے میں غلط الزامات لگارہے ہیں، نواز شریف اور چیئرمین پی ٹی آئی کا کوئی مقابلہ نہیں۔