پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ نواز شریف آج ہی سعودی عرب سے دبئی پہنچ جائیں گے۔
دبئی میں ’جیو نیوز‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ سعودی عرب سے دبئی آمد میں تاخیر کی وجہ ایک اہم میٹنگ ہے، نواز شریف کے دبئی پہنچنے کے بعد ان کے پاکستان پہنچ کر خطاب کے حوالے سے گفتگو ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کسی سہولت کاری نہیں بلکہ انصاف کے تقاضے پورے کر کے پاکستان آ رہے ہیں، سہولت کاری تو اسے ملی تھی جسے ایک دن میں 12 ضمانتیں ملی تھیں۔
عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ سرینڈر کرنے والوں کو عدالت کی طرف سے مہلت دینا روایت ہے، نواز شریف کبھی محاذ آرائی کی سیاست کو پسند نہیں کرتے، ان کی سوچ ہے کہ ووٹ لے کر آنے والوں کو حکمرانی اور پالیسی بنانے کا حق ملنا چاہیے۔
ن لیگ کے سینیٹر نے کہا کہ نواز شریف اسلام آباد پہنچ کر پھر لاہور پہنچیں گے، وہ اپنے پرانے پروگرام کے مطابق پہلے اسلام آباد پہنچیں گے، سابق وزیرِ اعظم جلسے سے لکھی ہوئی تقریر نہیں پڑھیں گے۔