• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کی 4 سال بعد آج وطن واپسی، استقبال کی تیاریاں مکمل

نواز شریف لاہور میں جلسہ عام سے خطاب بھی کریں گے۔
نواز شریف لاہور میں جلسہ عام سے خطاب بھی کریں گے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن)  کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف آج وطن واپس آئیں گے اور لاہور میں جلسہ عام سے خطاب بھی کریں گے۔

اس حوالے سے مینار پاکستان پر جلسے کی تیاریاں بھی جاری ہیں، جہاں شہباز شریف اور مریم نواز نے دورہ کرکے جلسے کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

لاہور میں نواز شریف کے استقبال کے لیے کراچی، کوئٹہ، گلگت، مظفرآباد سمیت مختلف شہروں سے ٹرینوں اور بسوں میں قافلے پہنچنا شروع ہوگئے، مینار پاکستان گراؤنڈ میں مسلم لیگ ن کے جلسے کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔

نواز شریف کے خطاب کیلئے مرکزی اسٹیج تیار کر لیا گیا ہے جبکہ پنڈال میں 40 ہزار کرسیاں لگانے کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔ گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور سندھ سمیت دیگر علاقوں سے آنے والے کارکنوں کیلئے کھانے کے بھی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کے خطاب کیلئے 40 فٹ اونچا اسٹیج بنایا گیا ہے، اسٹیج کے پیچھے سیکیورٹی کیلئے 3 کنٹینرز لگائے گئے ہیں، اسٹیج کے اردگرد گراؤنڈز کو جست کی چادروں سے کور کیا گیا ہے جبکہ اسٹیج کے اِردگرد خار دار تار لگا دیے گئےہیں، جلسہ گاہ میں بڑی بڑی لائٹس اور مسلم لیگ ن کے جھنڈے لگا دیے گئے ہیں۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے خصوصی چارٹرڈ طیارے کی دبئی سے پاکستان روانگی کیلئے پرواز FZ4525 دبئی سے 9:25 پر اڑان بھرے گی، طیارہ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 12:30 پر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کرے گا۔

سی اے اے کا کہنا ہے کہ طیارہ  واپس اسلام آباد سے لاہور کے لیے 2:30 پر روانہ ہو گا جو 3:20 پر علامہ اقبال ایئرپورٹ لاہور پر لینڈ کرے گا۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پرواز کو اسلام آباد اور لاہور ایئرپورٹس پر لینڈنگ کی اجازت دے رکھی ہے۔

شہباز شریف کا نواز شریف کا ٹیلی فون

اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے نواز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ بھی کیا، شہباز شریف نے بڑے بھائی کو پاکستان واپسی کے حوالے سے استقبال کی تیاریوں پر بریفنگ دی، جبکہ دونوں کے درمیان سعودی عرب اور دبئی میں اہم ملاقاتوں کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔

صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ پاکستان آپ کے استقبال کیلئے تیار ہے، مینار پاکستان پر تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا، پنجاب اور پاکستان کے دیگر شہروں سے قافلے لاہور پہنچ رہے ہیں۔

نواز شریف نے استقبال کیلئے بھرپور انتظامات اور مہم چلانے پر شہباز شریف کو شاباش دی۔

جلسے کیلئے ٹریفک ایڈوائزری  پلان جاری

گریٹر اقبال پارک میں مسلم ن لیگ کے جلسے کیلئے ٹریفک ایڈوائزری پلان جاری کردیا گیا۔

لاہور ٹریفک پولیس نے گریٹر اقبال پارک پر جلسے کے موقع پر شہریوں کی سہولت اور شرکاء جلسہ کی آگاہی کیلئے ایڈوائزری پلان جاری کردیا۔

جس کے مطابق  شہر کے داخلی و خارجی راستوں اور گریٹر اقبال پارک کے گرد و نواح میں ٹریفک کا پہیہ رواں رکھنے کیلئے اضافی نفری تعینات ہوگی، شرکاء جلسہ کی گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے 16 مخصوص پوائنٹس جبکہ بڑی گاڑیوں پر آنے والے شرکاء کیلئے 3 ڈراپ لین مختص کی گئیں ہیں۔

 ٹریفک پلان کے مطابق گجرات، گوجرانوالہ، کامونکی، مرید کے، جی ٹی روڈ سے آنے والے شرکاء، کالا شاہ کاکو سے براستہ ایسٹرن بائی پاس، رنگ روڈ، جلسہ گاہ تک پہنچیں گی، سرگودھا، فیصل آباد، موٹر وے سے آنے والے شرکاء براستہ سگیاں، رنگ روڈ، نیازی شہید جلسہ گاہ تک پہچیں گی۔

اوکاڑہ، ساہیوال، ملتان روڈ سے آنے والے شرکاء براستہ موٹر وے بابو صابو سے بند روڈ، نیازی شہید چوک سے جلسہ گاہ پہنچیں گی، قصور، کاہنہ اور فیروز پور روڈ، مال روڈ سے آنے والے شرکاء براستہ کچہری چوک، داتا دربار جلسہ گاہ پہنچیں گی۔

کچہری چوک سے آنے والی گاڑیاں شرکاء کو اتار کر جانب سگیاں رنگ روڈ پر پارک ہوں گی، نیازی شہید چوک سے آنے والی گاڑیاں مولانا احمد علی روڈ پر اتار کر واپس رنگ روڈ پر پارک ہوں گی، رنگ روڈ، مولانا علی احمد روڈ، لاری اڈا تا داتا نگر، داتا دربار تا پیر مکی یوٹرن سنگل لین میں پارکنگ ہوگی۔

 آغاز فلائی اوور تک ٹمبر مارکیٹ، نیازی شہید چوک تک بھی سنگل لین پارکنگ ہوگی، علاوہ ازیں محکمہ جنگلات پارکنگ، لاری اڈا بس اسٹینڈ کو بھی استعمال میں لایا جائے گا، ریلوے اسٹیشن جانب شیرانوالہ تا گریٹر اقبال تک روڈ معمول کی ٹریفک کیلئے بند ہوگا۔

کیپٹل ٹریفک پولیس (سی ٹی او) لاہور مستنصر فیروز کا کہنا تھا کہ راستہ ایپ، راستہ ایف ایم 88.6، ہیلپ لائن 15 سے شہریوں کو لمحہ بہ لمحہ ٹریفک صورتحال سے آگاہ رکھا جائے گا۔

ایمبولینسز اور ایمرجنسی گاڑیوں کیلئے ہمہ وقت راستہ کلیئر رکھنے کا حکم دیا گیا، شہری مدد اور رہنمائی کیلئے ہمہ وقت ہیلپ لائن 15 پر کال کر سکتے ہیں، جلسے کے موقع پر سی ٹی او لاہور نے شرکاءجلسہ سے ٹریفک پولیس سے تعاون کی اپیل کی۔

قومی خبریں سے مزید