مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب کا سابق وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق کہنا ہے کہ ملک مشکلات میں ہے، آج نواز شریف بھاری دل سے وطن آ رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ نوازشریف نے کہا ہے کہ میں امید کی کرن ساتھ لے کر آرہا ہوں، سب ٹھیک ہوجائے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف آج دبئی سے پاکستان کے لیے روانہ ہوئے ہیں، آج پاکستان ایک نئی تاریخ لکھنے جا رہا ہے، قائد مسلم لیگ اسلام آباد سے جلسہ گاہ پہنچیں گے، پورا پاکستان مینارِ پاکستان پر نواز شریف کا استقبال کرے گا، آج پاکستان اور خطے کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہو گا، مینارِ پاکستان جلسے کے بعد نواز شریف جاتی امراء جائیں گے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج جھوٹ کا نہیں سچائی کا دن ہے، آج پاکستان میں محبت پھیلانے کا دن ہے، آج کا مجمع پاکستان اور خطے کی تاریخ کا سب سے بڑا مجمع ہو گا، پورے پاکستان سے لوگ پنڈال میں تشریف لا رہے ہیں۔
اُن کا کہنا ہے کہ دو دن سے پورا پاکستان جلسہ گاہ بنا ہوا ہے، پورے ملک سے قافلے لاہور پہنچ رہے ہیں، خواتین اور نوجوانوں کی بڑی تعداد مینارِ پاکستان کی طرف گامزن ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نوازشریف کا آنا پاکستان کے لیے نئے عروج اور خوش حالی کی نوید ہے، نواز شریف کے دور میں امن تھا، روزگار تھا، بجلی کی فراہمی تھی، عوام کی طاقت اور مینڈیٹ کے ساتھ مہنگائی کم ہو گی، ترقی ہو گی، معاشرے میں نفرت، نا امیدی اور انتشار ختم ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جن کو صرف میمز بنانے کی عادت ہے فیک نیوز بناتے ہیں ان کے لیے پیغام ہے، ان کے لیے مشورہ ہے کہ آج آرام کریں، مریم نواز اور حمزہ 3 بجے تک جلسہ گاہ میں پہنچ جائیں گے۔
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جلسہ گاہ میں فلسطین کا جھنڈا نوازشریف کے دل کی آواز ہے، یہ اظہار ہے کہ جلسے میں آنے والے عوام فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے ماضی پر بات کرتے ہوئے لکھا ہے کہ 2017ء میں بجلی کا یونٹ 11 روپے کا تھا، 4 سال کی نااہلی سے بجلی مہنگی ہوئی، نواز شریف کی طرح کا لیڈر پاکستان میں دوسرا نہیں ہے، ہمارے مخالفین بھی آج نواز شریف کی آمد پر نظریں لگائے ہوئے ہیں، ہم عزت کرنے والے لوگ ہیں تمام جماعتوں کے مؤقف کی عزت کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2017ء میں پاکستان میں مہنگائی تاریخ کی کم ترین سطح پر تھی، نوجوان کے پاس ڈگری کے ساتھ روزگار تھا، لوڈشیڈنگ نہیں تھی، پاکستان کے عوام آج مشکل میں ہیں،۔ مخالفین کو بھی پیغام ہے کہ آج عوام جشن منا رہے ہیں آپ بھی اس جشن میں شامل ہوں۔
مریم اورنگزیب کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم اپنے مخالفین کو گالی نہیں دیتے، ہم عزت کرنے والے لوگ ہیں، تمام سیاسی جماعتوں کے مؤقف کی عزت کرتےہیں۔