انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ناصر حسین اپنی ٹیم پر برس پڑے، جنوبی افریقا کے ہاتھوں ریکارڈ شکست کے بعد انہوں نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ پر سخت تنقید کی۔
ناصر حسین نے کہا کہ انگلینڈ ٹیم غلط فیصلے کر رہی ہے، ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ درست نہیں تھا اور ٹیم میں 3 تبدیلیاں بھی غلط تھیں۔
انہوں نے کہا کہ ممبئی کی گرمی اور حبس میں پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا، کرس ووکس کا فلیٹ پچز پر ردم نہیں، بین اسٹوکس کو ان کی جگہ لانا ٹھیک تھا، باقی تبدیلیاں کیوں کی گئیں، ان تبدیلیوں نے سب کچھ بدل کر رکھ دیا۔
ناصر حسین کا کہنا ہے کہ اعداد و شمار کی بنیاد پر ٹاس جیت کر بولنگ کرنا درست نہیں تھا، انگلینڈ اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں پچھلے میچز میں ہدف کے تعاقب میں ناکام رہیں۔
انگلینڈ کے سابق کپتان نے کہا کہ ڈیوڈ ویلی کو کریمپس پڑ گئے، بین اسٹوکس بھی مشکل میں نظر آئے، ٹاپلی اور جو روٹ ٹریٹمنٹ کراتے رہے، عادل رشید بخار محسوس کر رہے تھے یہ سب ڈراؤنا خواب تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ انگلینڈ ایسی ٹیم لگ رہی ہے جس میں اعتماد نہیں، 3 شکستوں سے انہیں افسوس اور نقصان رہے گا، انگلینڈ نے برانڈ کی کرکٹ کھیلی اب کیسے باؤنس بیک کرے گی۔
سابق کپتان نے یہ بھی کہا کہ اعزاز کے دفاع کے لیے اب تمام گیم جیتنا ہیں جو اس وقت انگلینڈ نہیں کر سکتی، انگلینڈ کی ٹیم اچھا کر سکتی ہے لیکن انہیں اپنی فیصلہ سازی درست کرنا ہو گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ 2023ء کے 20ویں میچ میں جنوبی افریقا نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 229 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی تھی۔