• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرمین پی ٹی آئی کو سائیکل فراہمی کا معاملہ ایک بار پھر لٹک گیا

اڈیالہ جیل----فائل فوٹو
اڈیالہ جیل----فائل فوٹو

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کو سائیکل فراہمی کا معاملہ ایک بار پھر لٹک گیا۔

جیل انتظامیہ نے پی ٹی آئی چیئرمین کے لیے لائی گئی سائیکل روک دی۔

جیل ذرائع کے مطابق سائیکل فراہمی کا کوئی حکم نامہ موصول نہیں ہوا، عدالتی احکامات پر سائیکل جیل کے اندر لے جانے کی اجازت دی جائے گی۔

پی ٹی آئی کے چیرمین کے وکلاء سائیکل واپس لے کر روانہ ہو گئے۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین کی جانب سے آج دورانِ سماعت سائیکل فراہمی کی استدعا کی گئی تھی۔

اس سے قبل پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کے لیے ورزش کی سائیکل اڈیالہ جیل پہنچائی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی وکلاء نے کچھ کاپیز ابھی تک فراہم نہ کرنے پر درخواست دائر کی تھی۔

عدالت نے مزید کاپیز فراہم کرنے کی درخواست مسترد کر دی تھی۔

ذرائع نے بتایا کہ عدالت نے سائیکل فراہمی کی چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست منظور کر لی تھی۔

عدالت نے شاہ محمود قریشی سے استفسار کیا کہ چارپائی مل گئی؟

شاہ محمود قریشی نے جواب دیا کہ جی چارپائی مل گئی ہے۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں ورزش کے لیے سائیکل مہیا کرنے کی استدعا کی تھی۔

وکیل شیراز رانجھا نے کہا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں ورزش کے لیے سائیکل مہیا کرنا چاہتے ہیں۔

جج نے کہا تھا کہ سائیکل کے حوالے سے تو میں پہلے ہی جیل حکام کو کہہ چکا ہوں، میں چاہتا ہوں کہ سائیکل کا غلط استعمال نہ ہو۔

جج کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایسا نہ ہوکہ سائیکل جیل سپرنٹنڈنٹ چلاتے رہیں، میں سائیکل والے معاملے پر آرڈر کر دیتا ہوں۔

قومی خبریں سے مزید