گوجرانوالہ(نمائندہ جنگ)مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر غلام دستگیر خان نے کہا ہے کہ شیخ رشید عوام کی آنکھوں میں دُھول جھونک کر اپنی ’’فنکاری‘‘کے بل بوتے پر وزیر بنتے رہے ، خانہ جنگی اور کشت وخون کی باتیں کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کا وقت آگیا، حکومت نتائیج کی پرواہ کئے بغیر ان کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرے،نواز شریف کے تلوے چاٹنے والے شخص کو ان کے خلاف بات کرتے ہوئے شرم آنی چاہئے ،ایسے شخص کو اپنا سٹیج دینے والی سیاسی جماعتیں بھی خسارے میں رہیں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیگی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہا کہ شیخ رشید کی اقتدار کی خاطر ملک میں خانہ جنگی کی خواہش اور عوام کو جلائو گھیرائو پر اکسانا آئین سے کھلی بغاوت ہے ،جعلی نجومی کو اپنا سٹیج دینے والی سیاسی جماعتوں کو انکی تقریروں سے کوئی فائد ہ نہیں پہنچ سکتا۔