• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلسطین کی آزادی میں شرکت کا اعلان کرتے ہیں، فضل الرحمان

جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی-ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے فلسطین کی آزادی میں برابر کا شریک ہونے کا اعلان کردیا۔

کوئٹہ میں طوفان الاقصیٰ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پوری دنیا اور مسلمان حکمرانوں کو پیغام دیا کہ ہم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں، یہودی لابی کو واضح کرتا ہوں ہم نے تمہارے ایجنٹ کو شکست دی، تم جنہیں دہشتگرد کہتے ہو ہم انہیں مجاہد کہتے ہیں۔

سربراہ جے یو آئی ف نے کہا کہ فلسطین میں بچے شہید ہو رہے ہیں، ہزاروں بچے لا وارث ہو چکے ہیں، پورا غزہ ملبے کا ڈھیر بن گیا ہے، کیا دنیا اسرائیل کی جارحیت نہیں دیکھ رہی؟ کیا دنیا کو انسانی حقوق نظر نہیں آرہے ہیں؟ مودی کھل کر اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آج فلسطین کے مظلوم عوام کا ساتھ نہیں دیں گے تو سمجھو کل اور آج بھی غلام ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ مجھے یاد ہے کہ 1967 میں اسرائیل نے فلسطین پر حملہ کیا، گلی گلی کوچے کوچے سے عوام نے فلسطین کے عوام کا ساتھ دینے کا عزم کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ او آئی سی کا اجلاس بلا کر متفقہ فیصلہ کیا جائے، پورے ملک میں جائیں گے، کراچی، لاہور، اسلام آباد بھی جائیں گے، جب تک فلسطین کو آزادی نہیں ملتی، پاکستان کے عوام اور ہمارے کارکن ان کے ساتھ ہیں۔

قومی خبریں سے مزید