صوبۂ سندھ کے شہر خیر پور کے علاقے کھینواری کے قریب گزشتہ روز باراتیوں کی کشتی الٹنے کے حادثے کے مبینہ ذمے دار کشتی بان کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق کشتی بان کو زیادہ افراد کو کشتی میں سوار کرنے کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز کشتی الٹنے سے اس میں سوار 11 افراد ڈوب گئے تھے جن میں سے 5 کو بچا لیا گیا تھا جبکہ 6 افراد لاپتہ ہو گئے تھے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود لاپتہ 6 افراد کا سراغ نہیں مل سکا، ان کی تلاش آج پھر جاری ہے۔
ریسکیو ذرائع نے بتایا ہے کہ ریسکیو آپریشن میں نیوی کے جوان اور مقامی غوطہ خور حصہ لے رہے ہیں۔