سکھر(بیورو رپورٹ)سکھر میں صوبائی محکموں کے سینکڑوں ملازمین کئی ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث مالی مشکلات سے دوچارہیں ،جبکہ عید کی آمد آمد ہے، مارکیٹوں میں عید کی خریداری کا رش بھی بڑھتا جارہا ہے، ایک جانب جہاں لوگ عید کی خریداری میں مصروف دکھائی دے رہے ہیں ، مرد ، خواتین، بچے سب ہی اپنے اپنے وسائل میں رہتے ہوئے عید کی خریداری کررہے ہیں ،دن بھر تو عید کی خریداری کا سلسلہ جاری رہتا ہے تاہم شام ہوتے ہی عید کی خریداری عروج پر پہنچ جاتی ہے اور جوں جوں عید کا وقت قریب آئے گا ویسے ویسے مارکیٹوں میں خریداروں کی تعداد میں بھی بہت زیادہ اضافہ ہوگا، ایک جانب جب لوگ عید کی خریداری میں مصروف ہوں تو دوسری جانب متعدد صوبائی سرکاری محکموں کے سینکڑوں ملازمین ایسے بھی ہیں جو گذشتہ کئی ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں،احتجاج کے باعث متعلقہ صوبائی محکموں کے سینکڑوں ملازمین کے پیشہ وارانہ فرائض میں بھی خلل پڑتا ہے ۔افسران اپنے ایئرکنڈیشن دفاتر میں موجود رہتے ہیں اور ملازمین سڑکوں پر سراپا احتجاج ہوتے ہیں ان کے احتجاج کا حکومت پر تو اثر پڑنا دور کی بات ہے متعلقہ افسران پر بھی کوئی اثر نہیں پڑتا اور متعلقہ افسران بھی ملازمین کے اس مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لئے کوئی سنجیدہ اقدامات نہیں اٹھاتے ۔عید کی خریداری تو دور کی بات ہے ان کے گھروں میں فاقہ کشی کی نوبت آ پہنچی ہے اور مایوسی نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں، ضلع کونسل کے ملازمین گزشتہ 17ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کے خلاف مسلسل سراپا احتجاج ہیں تو سکھر میونسپل کارپوریشن کے ملازمین بھی گذشتہ 7ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے سے مالی بحران کا شکار دکھائی دیتے ہیں جبکہ سول اسپتال میں تعینات محکمہ صحت کے ملازمین 14ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے پر اسپتال انتظامیہ کے خلاف احتجاج کررہے ہیں یہی صورتحال محکمہ تعلیم کی بھی ہے جہاں ڈائریکٹر کالجز کے شعبے میں تعینات ملازمین 6سال سے تنخواہیں نہ ملنے پر احتجاج کررہے ہیں اس طرح بعض دیگر ایسے صوبائی سرکاری ادارے ہیں جن میں ملازمین کو تنخواہوں اور پینشن کی مد میں مشکلات کا سامنا ہے، ان اداروں کے سینکڑوں ملازمین روزانہ کی بنیاد پر احتجاج کرتے ہیں اور اپنی آواز ایوانوں تک پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں لیکن تاحال انہیں کامیابی نہیں مل سکی، اس وقت بھی صورتحال یہ ہے کہ مختلف صوبائی محکموں کے سینکڑوں ملازمین تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث مالی مشکلات سے دوچار ہیں، تمام ملازمین کی مشکلات ایک ہی جیسی ہیں ، میونسپل کارپوریشن کے ملازمین کے مظاہروں کی قیادت کرنیوالے علی مردان شیخ، ضلع کونسل ہال کے ملازمین کی قیادت کرنیوالے عبدالمجید جسکانی ، سول اسپتال سکھر کے 14ماہ قبل بھرتی ہونے والے ملازمین کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر احتجاج کی قیادت کرنے والے جمیل احمدسمیت دیگر مزدور رہنماؤں اور ملازمین میں تنخواہیں نہ ملنے کے باعث تشویش پائی جاتی ہے۔ان ملازمین نے پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، سابق صدر آصف علی زرداری، وزیراعلیٰ سندھ ، صوبائی وزیر بلدیات ، صوبائی وزیر تعلیم ، صوبائی وزیر صحت اور صوبائی وزیر خزانہ سے اپیل ہے کہ ان کے اس اہم مسئلے کی جانب فوری توجہ دی جائے اور تمام ملازمین کو عید سے قبل تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔