اسرائیلی بمباری کے شکار غزہ سے ہر روز دل دہلا دینے والے مناظر دیکھنے کو مل رہے ہيں۔
ایسا ہی منظر آج سامنے آیا جب ملبے تلے دبی ایک لڑکی کی آوازیں سنائی دیں اور ملبے سے باہر اس کی مدد کرنے والے کے پاس ملبا ہٹانے کے لیے ہاتھوں کے سوا کوئی ساز وسامان نہ تھا۔
غزہ میں اسرائیلی بمباری سے تباہ مکان کے ملبے تلے دبی لڑکی کی جان بچانے کی فریاد پر باہر موجود شخص کے لڑکی کو دلاسہ دینے اور ملبے سے نکالنے کی کوشش کے دل چیرتے مناظر نے دیکھنے والوں کی آنکھیں نم کر دیں۔
ملبے میں دبی لڑکی کہتی ہے کہ مہربانی کر کے مجھے یہاں سے باہر نکالو، جس کے جواب میں اسے بچانے کی کوشش کرنے والا شخص کہتا ہے کہ ہم تمہارے پاس آ رہے ہیں، کیا تمہارے پاس فون کی لائٹ ہے کیا تم اسے کھول سکتی ہو؟
جواب میں لڑکی کہتی ہے کہ نہیں میں یہاں ہوں، میں ہل نہیں سکتی، مجھے اپنے نزدیک روشنی نظر آرہی ہے، وہ شخص کہتا ہے کہ کیا تمہارے اوپر لکڑی کا ٹکڑا ہے؟ تو لڑکی کہتی ہے کہ مجھے نہیں معلوم، ایک بڑی دیوار ہے جو مجھے دبا رہی ہے، میں نہیں ہل سکتی۔
لڑکی کو بچانے کی کوشش کرنے والا شخص کہتا ہے کہ میں گواہی دیتا ہوں کہ اللّٰہ کے سوا کوئی معبود نہیں، میں گواہی دیتا ہوں کہ محمد رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم اللّٰہ کے پیغمبر ہیں۔