• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نگراں وزیراعظم اور سیاسی رہنماؤں کا فوجی جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے خیبر کے علاقے تیراہ میں لیفٹیننٹ کرنل اور 3 فوجی جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔

وزیراعظم نے شہیدوں کے لیے بلندی درجات کی دعا کرتے ہوئے انکے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کیا۔

انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے وطن کی حفاظت کی خاطر جامِ شہادت نوش کیا، مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہداء پر فخر ہے۔

انکا کہنا تھا کہ پاکستان سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اس کےخلاف جنگ جاری رکھیں گے، امن کے دشمنوں کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے بھی واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر جوانوں کی قربانی رائیگاں ہونے نہیں دے گی۔

آصف زرداری نے کہا کہ دھرتی کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کیلئے سوات جیسا آپریشن ضروری ہے، دہشت گرد ملک دشمن ہیں ان کا خاتمہ ضروری ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ دہشت گردوں کی سرکوبی کیلئے  پاک فوج کی مؤثر کارروائی قابل تعریف ہے۔ دہشتگردی، انتہا پسندی، نفرت اور تقسیم کی سوچ کو جڑ سے اکھاڑنا ہوگا۔ پیپلز پارٹی کا منشور دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف ایک مؤثر بیانیہ ہے۔

نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، نگراں وزیراعلیٰ سندھ، گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بھی وادی تیراہ میں جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے شہید لیفٹیننٹ کرنل اور فوجی جوانوں کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ عظیم قربانیوں پر قوم کے بیٹوں کو سلام پیش کرتے ہیں، دہشت گرد پاکستان کے دشمن ہیں، قوم کے بیٹے ملک دشمنوں کا صفایا کر رہے ہیں۔

جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ فوجی جوان اپنی زندگیاں قربان کرکے قوم کی خدمت کر رہے ہیں، دہشت گردوں کا مقابلہ قوم کے اتحاد سے ہی ممکن ہے، دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب  محسن نقوی نے تیراہ میں دہشت گردوں کی سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی مذمت کی اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر اور دیگر شہداء قوم کے ہیرو ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ شہداء نے جرات کے ساتھ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، شہداء کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

قومی خبریں سے مزید