• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ اور ایم کیو ایم کا اتحاد ہمیں نقصان کم اور فائدہ زیادہ دے گا، بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ن لیگ اور ایم کیو ایم کا اتحاد ہمیں نقصان کم اور فائدہ زیادہ دے گا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہر کو رہنے کے قابل بنانا ہے تو عوامی مقامات کو بہتر کرنا ہوگا، امید ہے کہ 8 فروری کو کراچی کے عوام پیپلز پارٹی کو ووٹ دیں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ شہباز شریف کو وزیراعظم بنانے میں ہم نے بہت محنت کی، وہ وقت کی ضرورت تھی اور وقت کی ضرورت کیلئے بہت کچھ کرنا پڑتا ہے، 2013 اور 2018 کے بعد ہم اپوزیشن میں تھے، ہمارے وسائل چھینے جا رہے تھے دھمکیاں دی جاتی تھیں۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ کنگز پارٹی ہر الیکشن میں کسی نہ کسی صورت میں سامنے آتی ہے، کنگز پارٹی کا وہی حال ہوگا جو 2008 میں ہم نے کیا تھا، اس طرح کی جماعتوں کو بنانے سے عوام اور سیاسی حلقوں میں غلط پیغام جاتا ہے، ہم تین نسلوں سے جدوجہد کر رہے ہیں ہمارا مقصد ہے کہ ادارے اپنی حدود میں کام کریں۔

 بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی سیاست سندھ، بلوچستان اور کے پی میں بھی ہے ان سے رابطہ رہے گا، جو مشکل وقت میں اپنی جماعت کے ساتھ کھڑے نہ ہو سکے الیکشن میں ان کو مشکل کا سامنا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جنرل باجوہ نے ہمیں بلایا تھا اور کہا کہ اپنا عدم اعتماد واپس لیں ہم الیکشن کرواتے ہیں، ہم اپوزیشن میں ہوں یا حکومت میں سیاسی لحاظ سے چلانا چاہتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید