چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور صدر ملائیشین سینیٹ وان جنیدی توانکو جعفر کے درمیان بذریعہ ویڈیو لنک رابطہ ہوا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور خاص طور پر مسئلہ فلسطین پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔
ملائیشین سینیٹ کے صدر وان جنیدی توانکو جعفر نے بتایا کہ سینیٹ اجلاس میں اسرائیلی ظلم وبربریت کی بھرپور انداز میں مذمت کی گئی۔
اُنہوں نے کہا کہ اقوامِ عالم اور انسانی حقوق کے علم بردار مسئلہ فلسطین پر بری طرح ناکام ہوئے ہیں۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ اسرائیلی حملے بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں، غزہ کے اسپتال پر تباہ کن حملے نے ساری دنیا کو دہشت زدہ کر دیا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ فلسطین کی صورتِ حال پوری دنیا کے لیے سنگین صورتِ حال اختیار کر سکتی ہے۔
دونوں رہنماؤں نے کہا کہ فلسطین میں ظلم و بربریت انسانی المیہ بن چکا ہے، اقوامِ عالم کو اسرائیلی ظلم و بربریت روکنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل بنانا ہو گا۔