پاکستان کے سابق کرکٹر عبدالرزاق نے اپنی غلطی کا احساس ہونے کے بعد متنازع بیان پر بالی ووڈ اداکارہ ایشوریہ رائے سے معافی مانگ لی۔
سابق کرکٹر عبدالرزاق نے ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے اپنے بیان پر بھارتی اداکارہ ایشوریہ رائے سے معذرت کی اور کہا کہ پریس کانفرنس کے دوران کوچنگ اور کرکٹ کی بات ہو رہی تھی کہ اس دوران زبان پھسل گئی۔
انہوں نے ذاتی طور پر بھارتی اداکارہ سے معافی مانگتے ہوئے مزید کہا کہ مثال کوئی اور دینی تھی لیکن ایشوریہ رائے جی کا نام زبان سے نکل گیا، میرا کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔
خیال رہے کہ کراچی میں ایک ایونٹ کے دوران حاضرین کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے عبد الرزاق نے بھارتی اداکارہ ایشوریہ رائے سے متعلق متنازع بیان دیا تھا جس کے بعد قومی ٹیم کے سابق آل راؤنڈر اور کوچ کو عوام کی جانب سے شدید تنقید اور غصے کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔